عمران فاروق قتل کیس کی سماعت اڈیالہ جیل منتقل

اسلام آباد کی عدالتی تاریخ میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کا مقدمہ تیسرا مقدمہ ہے جس کی سماعت روالپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ہو گی

،تصویر کا ذریعہMetropolitan Police

،تصویر کا کیپشناسلام آباد کی عدالتی تاریخ میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کا مقدمہ تیسرا مقدمہ ہے جس کی سماعت روالپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ہو گی
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان کی وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کے مقدمے کی سماعت اڈیالہ جیل منتقل کردی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ اس مقدمے میں گرفتار ہونے والے تین ملزمان کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

<link type="page"><caption> عمران فاروق کیس: ’خالد شمیم وعدہ معاف گواہ بننے پر تیار‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2016/01/160121_imran_farooq_case_approver_zs" platform="highweb"/></link>

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق اس مقدمے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے ایک درخواست موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت ضلع کچہری میں ہے جہاں پر حملوں کے خطرات بدستور موجود رہتے ہیں۔

اس درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس مقدمے میں گرفتار ہونے والے تین ملزمان کی جان کو خطرہ ہے جس کا اظہار اُنھوں نے تفتیشی ٹیم کے سامنے بھی کیا ہے۔

اس مقدمے میں گرفتار ہونے والے ملزمان میں محسن علی، معظم علی اور خالد شمیم شامل ہیں۔

اہلکار کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کے مقدمے کی اگلی سماعت فروری کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔

وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کا مقدمہ جیل منتقل کرنے میں ملزمان کی سکیورٹی کا مسئلہ ایک طرف، لیکن اہم معاملہ ملزم خالد شمیم کی جمعرات کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کا ہے جس میں اُنھوں نے اس مقدمے میں وعدہ معاف گواہ بننے کی رضامندی ظاہر کی تھی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ اس مقدمے میں گرفتار ہونے والے تین ملزمان کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے
،تصویر کا کیپشنضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ اس مقدمے میں گرفتار ہونے والے تین ملزمان کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے

اس کے علاوہ اُنھوں نے الزام عائد کیا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور اُن کے حواریوں کو پاکستان دشمن بھارتی خفیہ ایجنسی را سمیت دیگر ملکوں کی خفیہ ایجنسیوں کی حمایت حاصل ہے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملزم کا بیان میڈیا پر آنے کے بعد ملزم کو عدالت میں لانے کی ڈیوٹی پر تعینات پولیس گارڈ کے انچارج کو معطل کرکے اس کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد کی عدالتی تاریخ میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کا مقدمہ تیسرا مقدمہ ہے جس کی سماعت روالپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ہو گی۔ اس سے پہلے گورنر پنجاب سلمان تاثیر اور ممبئی حملوں کی سازش تیار کرنے کے مقدمے کی سماعت بھی اڈیالہ جیل میں ہوتی رہی ہے۔

سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف اعلی عدلیہ کے ججز کو حبس بےجا میں رکھنے کی سماعت اُن کے فارم ہاؤس میں ہوتی رہی ہے جسے اسلام آباد کی انتظامیہ نے سب جیل قرار دیا تھا۔