پشاور میں افغان قونصلیٹ کے اہلکار کے مکان پر فائرنگ

،تصویر کا ذریعہbbc
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نامعلوم افراد نے افغان قونصل خانے کے ایک عہدیدار کے مکان پر فائرنگ کی ہے۔
فائرنگ کے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
یہ واقعہ پشاور کے معروف علاقے یونیورسٹی ٹاؤن میں جمال الدین افغانی روڈ پر پیش آیا۔
ٹاؤن تھانے کے اہلکار عصمت نے بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب دو سے ڈھائی بجےمکان پر فائرنگ کی۔
گولیوں کے نشان مکان کے گیٹ اور دیوار پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ یہ مکان افغان قونصل خانے میں تعینات اہلکار ہمایوں کا ہے۔ اس حملے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔
اہلکار نے بتایا کہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حملہ آور کس جانب سے آئے اور کہاں فرار ہوئے تاہم اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہو۔ یہ حملہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستان قونصل خانے پر حملے کے تین روز بعد پیش آیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے علاوہ پشاور اور اس کے مضافات میں دو روز سے سٹرائیک اینڈ سرچ آپریشن میں تیزی دیکھی جا رہی ہے جہاں درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ گذشتہ روز چوک یادگار میں کرنسی مارکیٹس کو گھیرے میں لے کر پولیس نے تلاشی لی اور 22 افراد کو ہنڈی یا غیر قانونی طریسے سے رقوم کی منتقلی پر حراست میں لیا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ان میں سے بیشتر کو رہا کر دیا گیا ہے لیکن چند ایک اب بھی حراست میں ہیں جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔







