گوادر میں دھماکہ، دو کوسٹ گارڈز ہلاک

پاکستای فوج گوادر کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے

،تصویر کا ذریعہbbc

،تصویر کا کیپشنپاکستای فوج گوادر کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں ایک بم حملے میں کوسٹ گارڈز کے دو اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ سنیچر کو ضلع گوادر میں جیونی کے علاقے کلدان میں پیش آیا اور کوسٹ گارڈز کی ایک گاڑی دھماکے کا نشانہ بنی۔

گوادر کی انتظامیہ کے اہلکار نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم افراد نے علاقے میں سڑک کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔

ان کے مطابق دھماکہ خیز مواد اس وقت پھٹ گیا جب کوسٹ گارڈز کے ایک واٹر ٹینکر سمیت دو گاڑیاں وہاں سے گزر رہی تھیں۔

اہلکار کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے زریعے کیا گیا اور اس کا نشانہ بننے والے اہلکار پانی لینے جا رہے تھے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

یہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے لیے پانی فراہم کرنے والی گاڑیوں پر دو ہفتوں میں دوسرا حملہ ہے۔

اس سے قبل 29 دسمبر کو مستونگ میں ایف سی کی حفاظتی چوکیوں پر تعینات اہلکاروں کے لیے پانی لے جانے والی گاڑی دھماکے کا نشانہ بنی تھی اور اس حملے میں ایک اہلکار مارا گیا تھا۔