’سندھ کا مسئلہ ختم نہ ہوا تو وفاق کو بھی نقصان ہوگا‘

خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم 28 دسمبر کو کراچی جا رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنخورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم 28 دسمبر کو کراچی جا رہے ہیں

پاکستان کے ایوانِ میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں طاقت کا استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کے لیے اچھا نہیں ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے سندھ میں رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر کہا کہ ’جو اختیارات دیے جارہے ہیں وہ دیے نہیں جا رہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی خاموشی سے یہ لگ رہا ہے کہ ’ممکنہ طور پر اس میں ان کی رائے موجود ہے۔‘

خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم 28 دسمبر کو کراچی جا رہے ہیں اور انھیں سندھ کے معاملات کے حل کے لیے اقدام کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کا مسئلہ ختم نہ ہوا تواس سے وفاق کے لیے بھی مشکل ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز وفاقی حکومت نے کراچی میں رینجرز کے اختیارات کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان گذشتہ روز لاہور میں ہونے والی ملاقات پر اپنے ردِ عمل میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ’مودی کا آنا اچھی بات ہے، مگر وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ اس پر سیاست دانوں کو اور پارلیمنٹ اور سیاست دانوں کو بھی اعتماد میں لیں۔‘