علیحدگی کے بعد میڈیا سے پہلا سامنا

عمران خان نے ریحام خان سے علیحدگی کی تصدیق کے موقع پر میڈیا سے درخواست بھی کی تھی کہ وہ ان کی پرائیویسی کا خیال رکھے

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنعمران خان نے ریحام خان سے علیحدگی کی تصدیق کے موقع پر میڈیا سے درخواست بھی کی تھی کہ وہ ان کی پرائیویسی کا خیال رکھے

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان علیحدگی کے فیصلے کے چار دن گذرنے کے بعد میڈیا کے سامنے آئے تاہم انھوں نے کہا کہ کسی کی ذاتی زندگی پر بات نہیں کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ گذشتہ جمعے کو عمران خان اور ریحام خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علیحدگی کے فیصلے اور طلاق کے لیے رجوع کرنے کی تصدیق کی تھی۔

منگل کو عمران خان پشاور پہنچے جہاں انھوں نے میڈیا کو صوبہ خیبرپختونخوا میں طبی سہولیات اور دیگر اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

عمران خان اور ریحام خان کی شادی رواں سال فروری میں ہوئی تھی

،تصویر کا ذریعہIMRAN KHAN OFFICIAL

،تصویر کا کیپشنعمران خان اور ریحام خان کی شادی رواں سال فروری میں ہوئی تھی

اس موقع پر ایک صحافی نے ان سے یہ سوال کیا کہ ’کیا آپ واقعی مردم شناس نہیں ہیں؟‘

صحافی نے کہا کہ بہت سے لوگ کسی نہ کسی طریقے سے آپ کودھوکا دیتے ہیں چاہے وہ ذاتی زندگی ہو یا سیاسی زندگی۔۔۔

صحافی کے سوال کے جواب میں عمران خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر معاشرے کے اندر ایک تہذیب ہوتی ہے، ایک انسان کے اندر کوئی شرم ہوتی ہے۔ایک انسان کے اندرآداب ہوتے ہیں، کسی کی ذاتی زندگی کے اوپر اس طرح کی بات کرتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہیے۔ کسی کے گھر کے اندر کوئی کسی وقت لوگ مشکل وقت سے دکھ سے گذر رہے ہوتے ہیں۔‘

کئی گھنٹوں تک یہ سوال پاکستانی میڈیا پر مختلف تجزیہ نگاروں اور سینیئر صحافیوں سے کیا جاتا رہا کہ کیا عمران خان کو صحافی کے ساتھ سحت رویہ اپنانا چاہیے تھا یا ان کے سوال کو نظر انداز کر دینا چاہیے تھا؟ اور کیا کسی پبک فگر کی زندگی پر سوال کیا جانا غلط ہے؟

ریحام خان کی جانب سے ٹوئٹر پر عمران خان سے طلاق لینے کے فیصلے کی تصدیق کی گئی

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشنریحام خان کی جانب سے ٹوئٹر پر عمران خان سے طلاق لینے کے فیصلے کی تصدیق کی گئی

بعد ازاں شب دیر گئے ریحام خان نے مانچیسٹر میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کیا۔

مقامی میڈیا پر ان کے خطاب کو نشر تو نہیں کیا گیا تاہم ان کی ویڈیو فوٹیج ضرور دکھائی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق ریحام خان نے اپنے خطاب میں خواتین صحافیوں کی زندگی اور انھیں درپیش چیلینجز پر بات کی۔

رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ خبر کو خبر کے طور پر لینا چاہیے، کسی کی ذاتی زندگی پر گفتگو نہیں کرنی چاہیے تاہم انھوں نے اس موقع پر عمران حان سے علیحدگی کے فیصلے پر کوئی بات نہیں کی۔