بلوچستان میں امام بارگاہ میں خودکش بم دھماکہ، نو ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کچھی میں خودکش بم دھماکے میں کم ازکم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
لیویز فورس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ دھماکہ تحصیل بھاگ کے علاقے چھلگری کی امام بارگاہ میں مغرب کی نماز کے دوران ہوا۔
انھوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آور اس وقت امام بارگاہ میں داخل ہوا جب وہاں خواتین داخل ہو رہی تھیں اور اس نے خود کو اڑا لیا۔
اب تک حکام نے نو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ دس زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بی بی سی کو بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
یہ بلوچستان میں رواں ہفتے کے دوران ہونے والا دوسرا دھماکہ ہے۔ اس سے قبل کوئٹہ میں مسافر بس میں دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
لیویز فورس کےاہلکار نے بتایا کہ دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور کا سر مل گیا ہے جسے تحقیقاتی اداروں نے تحویل میں لے لیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اہلکار نے ابتدائی تحقیق کے حوالے سے بتایا کہ خودکش حملہ آور نوجوان لڑکا تھا۔
چھلگری کوئٹہ کے جنوب مشرق میں اندزاً تین سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہ اس علاقے میں اس نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
اس سے قبل اسی ضلع سے متصل جھل مگسی کے علاقے گنداوہ میں 2005ء درگاہ فتح پورکے اندر عرس کے موقع بم دھماکہ ہوا تھاجس میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں محرم الحرام کے موقعے پر سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔







