’پنجاب حکومت ہمارے کارکنوں کو ہراساں کر رہی ہے‘

عمران خان کے مطابق ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنعمران خان کے مطابق ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پنجاب حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ پولیس کے ذریعے حلقہ این اے 122 اور154 کے ضمنی انتخابات سے پہلے اُن کی جماعت کے کارکنوں کو ہراساں کر رہی ہے۔

سنیچر کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن اور آئی جی پولیس پنجاب کو اِس بارے میں خط لکھ کر آگاہ کریں گے۔

نامہ نگار عدیل اکرم کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ نے الزام لگایا کہ ایس پی سی آئی اے عمر ورک مسلم لیگ نون کے لیے انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور وہ اُن کی جماعت کے افراد کو ڈرا دھمکا رہے ہیں تاکہ آنے والے ضمنی انتخاب کے لیے وہ اپنی ذمہ داریاں ادا نہ سکیں۔

انھوں نے کہا کہ ایک ڈی ایس پی ریاض شاہ بھی عمر ورک کے ساتھ اِس سارے معاملے میں ملوث ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اُن کے پاس ایک ٹیپ بھی موجود ہے جس میں حافظ آباد شہر کے ضلعی رابطہ افسر مسلم لیگ نون کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ شہباز شریف ان کا لیڈر ہے۔

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی ہے کیونکہ وہ پولیس پر اعتماد نہیں کرتے ہیں۔