آرمی چیف کی کراچی میں فوجی عدالتیں بڑھانے کی منظوری

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کراچی میں آپریشن جاری رکھنے اور دہشت گردی سے متعلق مقدمات کی فوری سماعت کے لیے شہر میں فوجی عدالتوں کی تعداد بڑھانے کی منظوری دی ہے۔
بّری فوج کے سربراہ نے کہا کہ کراچی آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک دہشت گردوں، جرائم پیشہ افراد اور مافیا عناصر کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
کراچی میں منگل کو امن و امان کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آرمی چیف نے انٹیلی جنس اداروں اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ان کی کاوشوں سے صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
کور ہیڈ کوارٹر میں کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں عسکری اور پولیس قیادت نے شرکت کی۔ ڈی جی رینجرز جنرل بلال اکبر اور آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے جنرل راحیل شریف کو شہر میں جاری آپریشن کے بارے میں آگاہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی ہے کہ دہشت گردوں، جرائم پیشہ افراد اور بدعنوانی کا شیطانی گٹھ جوڑ توڑا جائے اور کراچی کو پرامن اور خوف سے آزاد بنایا جائے۔
جنرل راحیل شریف نے پولیس کی کارکردگی میں بہتری لانے اور تربیت کے لیے ساڑھے چھ کروڑ روپے کا ساز و سامان پولیس کے حوالے کیا۔
ادھر استعفوں کے معاملے پر ایم کیو ایم اور حکومت کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایم کیو ایم نے 12 اگست کو کراچی میں جاری آپریشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے استعفے دے دیے تھے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کراچی کا دورہ کر کے وہاں امن و امان کے بارے میں اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں کراچی آپریشن بلاتفریق جاری رکھنے کا عزم کیا گیا تھا۔







