سیاحت کے فروغ کے لیے ’جشنِ دیوسائی‘ کا انعقاد

دیوسائی میں دنیا کی بعض بلند ترین جھیلیں موجود ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشندیوسائی میں دنیا کی بعض بلند ترین جھیلیں موجود ہیں
    • مصنف, ظفر سید
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بلتستان کے مرکزی شہر سکردو کے قریب واقع دیوسائی کے مقام پر ایک سہ روزہ جشن کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف راحیل شریف اور غیر ملکی سفیروں کے علاوہ دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

گلگت بلتستان حکومت کے سیکریٹری اطلاعات جہانزیب اعوان نے اس بات کا اعلان بدھ کو اسلام آباد میں گلگت بلتستان ہاؤس میں منعقد کی جانے والی ایک تقریب میں کیا۔

انھوں نے بتایا کہ یہ میلہ پہلے رواں ہفتے کے آخر میں منعقد کیا جانا تھا لیکن خراب موسم کی پیشن گوئی کے پیشِ نظر اس کی تاریخ آگے بڑھا کر 28 تا 30 اگست کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ہمالیہ اور قراقرم کے عظیم پہاڑی سلسلوں کی سرحد پر واقع دیوسائی میدان کا شمار دنیا کے بلند ترین سطحِ مرتفع میں ہوتا ہے۔ اس کی سطحِ سمندر سے اوسط بلندی 13 ہزار فٹ ہے اور اس میدان کا کل رقبہ تین ہزار مربع کلومیٹر سے زائد ہے۔ 1993 میں دیوسائی کو نیشنل پارک کا درجہ دیا گیا تھا۔

سہ روزہ جشنِ دیوسائی میں بڑی تعداد میں سیاحوں کی شرکت کی توقع ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنسہ روزہ جشنِ دیوسائی میں بڑی تعداد میں سیاحوں کی شرکت کی توقع ہے

جہانزیب اعوان نے میڈیا کو بتایا کہ اس جشن کے دوران بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے، جن کی سہولت کے لیے وہاں فوج کی مدد سے تین سو خیموں پر مشتمل ایک عارضی بستی بسائی جائے گی جس میں ایک فوڈ سٹریٹ بھی ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اس بات کی تمام تر کوشش کی جائے گی کہ جشن کے دوران دیوسائی کے قدرتی ماحول کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ اس مقصد کے لیے نہ صرف وہاں لکڑی نہیں جلائی جائے گی بلکہ کوشش کی جائے گی کہ پکا ہوا کھانا استور یا سکردو سے منگوایا جائے۔

اس کے علاوہ جشن کے اختتام پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے گی جو اس دوران وہاں جمع ہونے والے کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائے گی۔

یاد رہے کہ رواں سال مئی میں شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ اور پاکستان کے ’سافٹ امیج‘ کی ترویج کے لیے گلگت کے قریب نلتر کے مقام پر بھی ایک تین روزہ سیاحتی اور تفریحی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں 30 سے زیادہ غیر ملکی سفیروں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کرنا تھی۔

تاہم ایک ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کے سبب تین ممالک کے سفیروں سمیت متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے باعث یہ پروگرام منسوخ کر دیا گیا تھا۔

دیوسائی مقامی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے ’دیوتاؤں کا گھر‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشندیوسائی مقامی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے ’دیوتاؤں کا گھر‘