’بھارتی دھمکیاں‘ پاکستان کااقوامِ متحدہ سمیت تمام فورمز پر جانے کا اعلان

،تصویر کا ذریعہmofa
پاکستانی دفترِ خارجہ نے رواں ہفتے بھارتی رہنماؤں کی جانب سے ملنے والی ’دھمکیوں‘پر سخت موقف کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے کو اقوامِ متحدہ سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر لے جانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بات دفترِ خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے اسلام آباد میں جمعے کی صبح ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہی۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان جانتا ہے کہ اسے کسی بھی خطرے سے کیسے نمٹنا ہے اور وہ کسی کو بھی بھرپور انداز میں جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ امن پسند ملک ہے مگر وہ اپنے مفادات اور سالمیت کی حفاظت کے لیے ہر قسم کے اقدامات اٹھائے گا۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان نے گذشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی پاکستان سفیروں سے ہونے والی ملاقات کا ذکر بھی کیا۔
انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے تمام سفیروں سے بھارتی خطرات اور محاذ آرائی پر بات کی اور انھیں کہا ہے کہ وہ بیرونی ممالک کو بھارت کے جارحانہ منصوبوں سے آگاہ کریں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دفترِ خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے بتایا کہ پاکستانی سفیروں کے ساتھ وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ ہونے والے پاک چائنا اقتصادی راہداری پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
افغانستان سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان افغانستان کے دشمنوں کو اپنا دشمن سمجھتا ہے اور ہم کسی کو اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔‘
پاکستان میں سزائے موت کی بڑھتی ہوئی تعداد پر ہونے والی تنقید پر تبصرہ کرتے ہوئے دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سزایے موت دینا پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے







