ہنگو میں فرقہ پرستی کی بجائے سیاست غالب

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں 30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جہاں بدترین تشدد، بدنظمی اور دھاندلی کے واقعات پیش آئے وہاں ان انتخابات سے کچھ علاقوں میں غیر متوقع طورپر مثبت تبدیلیاں بھی رونما ہو رہی ہے۔
ملک کے دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی کچھ مقامات پر انتخابات کے دوران بیشتر مواقعوں پر فرقہ واریت کا عنصر کسی نہ کسی حد تک کردار ادا کرتا رہا ہے۔اگرچہ حالیہ انتخابات میں بھی بعض اضلاع میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، تاہم صوبے کا ایک ضلع ایسا بھی ہے جہاں پہلے انتخابات میں فرقہ وارانہ عنصر ہمیشہ سے غالب رہا ہے لیکن حالیہ چناؤ میں اس عنصر نے بظاہر کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے۔
خیبر پختونخوا کا جنوبی ضلع ہنگو برسوں سے شعیہ سنی فسادات کے ضمن میں ہمیشہ سے حساس علاقہ رہا ہے۔ اس ضلعے میں 80 کی دہائی سے شروع ہونے والے بدترین فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات میں ہزاروں افراد مارے جاچکے ہیں۔ دو تحصیلوں پر مشتمل اس ضلعے میں ہنگو تحصیل وہ واحد علاقہ ہے جہاں گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے الیکشن میں فرقہ واریت کا عنصر ہمیشہ سے غالب رہا ہے اور بیشتر مواقعوں پر امیدوار اس بنیاد پر کامیاب ہوتے رہے ہیں۔
تاہم حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ہنگو شہر میں فرقہ واریت کا عنصر کوئی قابل ذکر کردار ادا نہیں کرسکا ہے بلکہ سیاسی اثر رسوخ والے امیدوار یا پارٹیوں کے نمائندہ افراد ہی جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
دلچسپ امر یہ ہے کہ شہر کی دو یونین کونسلوں خانباڑی اور گنجانو کلی میں لوگ ہر انتخاب میں شیعہ سنی یا فرقہ کی بنیادوں پر ووٹ دیتے رہے ہیں لیکن اس مرتبہ وہاں حالات اس کے بالکل برعکس رہے۔
خانباڑی یونین کونسل میں عام طورپر اہل تشیع افراد کی اکثریت پائی جاتی ہے لیکن یہاں سے غیر متوقع طورپر عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک سنی امیدوار عبد الشاہد اورکزئی ضلعی کونسل کی نشست پر جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اس امیدوار کے مقابلے میں کسی شعیہ امیدوار نے انتخاب میں حصہ نہیں لیا۔
اس کے ساتھ ساتھ گنجانو کلی یونین کونسل جو ہمیشہ سے اہل سنت و الجماعت یا سنیوں کا گڑہ رہی ہے اس مرتبہ وہاں سےحیران کن طورپر اہل تشیع فرقہ سے تعلق رکھنے والا امیدوار جیتنے میں کامیاب ہوا ہے جسے ضلعی کی سیاست میں بڑی تبدیلی سمجھی جارہی ہے۔
اس الیکشن میں شعیہ سنی فرقوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار ایک دوسرے کے علاقوں میں آزادانہ طورپر انتخابی مہم بھی چلاتے رہے ہیں جو ماضی میں اس علاقے میں ناممکن سمجھا جاتا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہنگو کے باشندوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں مذہبی عنصر پہلے کے مقابلے میں انتہائی کم رہا اور ایک اچھے ماحول میں انتخابی عمل کا اختتام ہوا۔
ہنگو میں پہلے ہونے والے انتخابات میں اکثر اوقات شہر میں ایک کیشدگی کی صورتحال رہتی تھی لیکن اس بار ایسا کوئی منظر دیکھنے میں نہیں آیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ہنگو سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شاہ فیصل خان کا دعویٰ ہے کہ صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوجانے کے بعد سے عمومی طور پر پورے صوبے میں مذہب یا فرقے کی بنیاد پر سیاست میں کمی آئی ہے۔
ضلع ہنگو کو یہ خصوصیت بھی حاصل ہو رہی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے بعد یہاں پہلی مرتبہ حکمران جماعت تحریک انصاف اور عوامی نیشنل پارٹی کے درمیان قربت بڑھ رہی ہے اور ضلعی نظامت کے لیے دونوں جماعتوں نے آپس میں اتحاد کرلیا ہے۔
تحریک انصاف کے ایم پی اے شاہ فیصل خان نے تصدیق کی کہ ضلعی نظامت کےلیے ان کی جماعت نے دیگر جماعتوں کے مقابلے میں اے این پی سے تعلق رکھنے والے ایک امیدوار عبد الشاہد کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد صرف ایک ضلعے کی حد تک محدود ہے۔
شاہ فیصل خان کے مطابق ’ اے این پی بنیادی طورپر ہماری مخالف جماعت ہے لیکن ہم نے یہ فیصلہ صرف اور صرف ضلعے کی ترقی اور امن کی خاطر کیا ہے تاکہ یہاں پائیدار امن قائم رہے جس میں تمام فریقین کا فائدہ ہے ۔‘
ادھر ہنگو سے تعلق رکھنے والے اے این پی کے صوبائی رہنما حسین الحسینی نے بھی پی ٹی آئی اور اے این پی کے درمیان اتحاد کی تصدیق کی ہے۔







