ملالہ پر حملہ کرنے والے 10 افراد کو عمر قید کی سزا

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سوات سے تعلق رکھنے والی نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پر سنہ 2012 میں حملہ کرنے والے 10 افراد کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
انسدادِ دہشت گردی کے خصوصی عدالت نے ملالہ یوسفزئی پر حملہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حملے میں معاونت کرنے والے دس مجرمان کو 25، 25 سال قید کی سزا سنائی۔
<link type="page"><caption> ملالہ یوسفزئی پر حملہ کرنے والے شدت پسند گرفتار</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/pakistan/2014/09/140912_ispr_presser_malala_zarbe_azb_politics_rh" platform="highweb"/></link>
سوات سے صحافی انور شاہ کے مطابق مجرمان کا تعلق سوات کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہیں جن میں شوکت، عرفان، اظہار، اسرار، سلیمان، بلال، ظفر علی، سلیمان، اکرام اور عدنان شامل ہیں۔
ملالہ یوسفزئی کی عمر اُس وقت عمر 15 سال تھی اور سکول سے وین میں گھر جاتے ہوئے ایک حملے میں ان کے سر پر گولی لگی تھی۔
اس حملے میں ان کے ساتھ دو اور طالبات شازیہ اور کائنات زخمی ہوگئی تھیں۔
انھیں سنہ 2014 میں بچوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد کرنے کے لیے امن کا نوبل انعام دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکام کا کہنا ہے کہ ان دس افراد کا تعلق کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان سے ہے۔
اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کی تھی اور اس حملے کا مرکزی ملزم عطا اللہ جن کا تعلق سوات کے علاقے سنگوٹہ سے تھا وہ افغانستان فرار ہوگئے تھے، جس کے بعد سنہ 2013 اور سنہ 2014 میں سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے حملے میں معاونت کرنے والے 10 ملزمان کو گرفتار کیا تھا جن کی شناخت خفیہ رکھی گئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ملالہ حملہ کیس کی ایف ائی آر تھانہ سیدو شریف میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کی گئی تھی۔
اس سے پہلے ملالہ حملہ کیس میں استغاثہ نے شواہد کی کمی کی بنا پر اسے ناقابل سماعت قرار دیکر پولیس کو واپس کر دیا تھا۔
اس وقت ملالہ حملہ کیس کی تفتیشی افسر عبدالواحد نے بتایا تھا کہ ملالہ کا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے ٹیم لندن جائے گی جس کے بعد اس کیس کی حتمی رپورٹ کبھی سامنے نہیں آئی۔
ملالا یوسفزئی کو بچیوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد کرنے پرگذشتہ برس نوبل انعام دیاگیا تھا جبکہ اس سے پہلے بھی انھیں تعلیم کے حصول کے لیے طالبان کے سامنے ڈٹ جانے پر کئی انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا ہے۔







