بگٹی سٹریٹ کوئٹہ کا بنگلہ پھر خالی

طلال بگٹی سردار اکبر بگٹی کی وفات کے بعد کوئٹہ گئے تھے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنطلال بگٹی سردار اکبر بگٹی کی وفات کے بعد کوئٹہ گئے تھے
    • مصنف, ریاض سہیل
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

طلال بگٹی کا نام اس وقت سامنے آیا تھا جب ان کے والد نواب اکبر بگٹی کی ایک فوجی آپریشن میں ہلاکت ہوئی تھی۔

بلوچستان کے سینیئر صحافی صدیق بلوچ کے مطابق طلال بگٹی کی کوئی سیاسی و سماجی شناخت نہیں تھی انہیں نواب بگٹی نے اپنی زندگی میں ہی دور کردیا تھا اور ایک بڑے عرصے تک ان کے ڈیرہ بگٹی میں داخلے پر پابندی عائد تھی۔

نواب اکبر بگٹی کی ہلاکت کے بعد طلال بگٹی کراچی کے فلیٹ سے کوئٹہ میں بگٹی سٹریٹ پر واقع نواب اکبر بگٹی کے بنگلے میں منتقل ہوگئے اور خود کو بگٹی کا سیاسی وارث ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

نواب اکبر بگٹی کے بڑے صاحبزادے کون تھے اس کا فیصلہ آج تک نہیں ہو سکا۔

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشننواب اکبر بگٹی کے بڑے صاحبزادے کون تھے اس کا فیصلہ آج تک نہیں ہو سکا۔

طلال بگٹی کی آمد کے بعد جمہوری وطن پارٹی تین حصوں میں تقسیم ہوگئی، جس میں ایک گروپ کی قیادت براہمداغ بگٹی، دوسرے کی عالی بگٹی اور تیسرے کی طلال بگٹی کر رہے تھے۔ براہمداغ بگٹی نے بعد میں بلوچستان ریپبلکن پارٹی کے نام سے اپنی الگ پارٹی بنالی تھی۔

طلال بگٹی بڑے تھے یا جمیل بگٹی یہ بھی کبھی واضح نہیں ہوسکا۔ طلال بگٹی جو نواب اکبر بگٹی کی بلوچ اہلیہ میں سے تھے جبکہ جمیل بگٹی پشتون بیوی میں سے تھے دونوں ہی بڑے ہونے کے دعویدار تھے۔

طلال بگٹی پر ڈیرہ بگٹی میں ایک ہندو لڑکی کو حراساں کرنے کا الزام عائد ہوا، جس کا فیصلہ نواب اکبر بگٹی کے پاس آیا اور انھوں نے طلال سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور ایک عرصے تک ان کو ڈیرہ بگٹی سے شہر بدر کر دیا گیا۔

طلال بگٹی کی تعلیم پنجاب میں ہوئی۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم گرائمر سکول سے حاصل کی اس کے بعد ایچی سن کالج اور آخر میں پنجاب یونیورسٹی سے فارغ تحصیل ہوئے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بلوچستان کے تقریباً تمام ہی بلوچ سردار سیاست دان ایچی سن کالج سے تعلیم یافتہ ہیں۔

کوئٹہ کے سینیئر صحافی شہزادہ ذوالفقار کا کہنا ہے کہ طلال نے کوئٹہ میں بگٹی ہاؤس کو آباد کیا جہاں نواز شریف سمیت دیگر سیاست دان یہاں پہنچے۔ نواب اکبر بگٹی کی ہلاکت سے جو خلا پیدا ہوا تھا اس کو طلال بگٹی نے پر کرنے کی کوشش کی۔

نواب اکبر بگٹی کے پانچ بیٹے تھے جن میں سے سلیم بگٹی، طلال بگٹی، ریحان اور صلال انتقال کر چکے ہیں جبکہ جمیل بگٹی ابھی حیات ہیں جو سیاست میں کچھ زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے۔ صحافی شہزادہ ذوالفقار کا کہنا ہے کہ طلال بگٹی کی وفات کے بعد پاکستان میں موجود بگٹی خاندان کی سیاست میں ایک بار پھر خلا پیدا ہوگیا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ خلا کون پر کرتا ہے۔