جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال بگٹی انتقال کر گئے

طلال بگٹی کی عمر 63 برس تھی اور وہ سانس کی عارضے میں مبتلا تھے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنطلال بگٹی کی عمر 63 برس تھی اور وہ سانس کی عارضے میں مبتلا تھے

جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی پیر کے روز کوئٹہ میں انتقال کر گئے۔

ان کی عمر 63 برس تھی اور وہ سانس کی عارضے میں مبتلا تھے۔

طلال بگٹی کے خاندانی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ اتوار کی شام ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد انھیں فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔

’ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کرانے کے بعد ان کو واپس گھر لایا گیا تھا لیکن آدھی رات کو ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی، انھیں دوبارہ ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کو دل کا دورہ بھی پڑا جو کہ ان کی موت کی وجہ بنا۔‘

نوابزدہ طلال اکبر بگٹی 17 مارچ سنہ 1952 کو پیدا ہوئے۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم گرائمر سکول کوئٹہ سے حاصل کی اور اپنی تعلیم ایچی سن کالج لاہور سے مکمل کی۔

نواب اکبر بگٹی کے انتقال کے بعد نوابزادہ طلال بگٹی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ بنے تھے۔ انھوں نے پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیوہ چھوڑی ہے۔

اپنی وفات سے ایک روز قبل انھوں نے ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں انھوں نے بلوچستان کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک جرگہ بنانے کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

انھوں نے یہ کہا تھا کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ بلوچستان کا مسئلہ حل ہو لیکن ان کے راستے میں کچھ پیچیدگیاں اور رکاوٹیں ہیں۔