این اے 122 میں انگوٹھوں کی تصدیق کا عمل مکمل

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, بیورو رپورٹ
- عہدہ, لاہور
پاکستان میں اعداد و شمار اور رجسٹریشن کے قومی ادارے نادرا نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے انتخابی حلقہ این اے 122 میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کا عمل مکمل کرلیا ہے۔
نادرا نے انگوٹھوں کی تصدیق مکمل ہونے کے بارے میں الیکشن ٹربیونل کو باضابطہ طور پرآگاہ کردیا ہے۔
<link type="page"><caption> ’انتخابی بےضابطگیاں ہوئیں مگر دھاندلی نہیں‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2015/01/150124_na122_comission_hearing_tim" platform="highweb"/></link>
الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی درخواست پر نادرا کو انگھوٹوں کے نشانات کی تصدیق کرکے اس کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی تھی۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف انتخابی عذرداری دائر کی ہے اور سابق جج کاظم علی ملک پر مشتمل ٹربیونل عذرداری پر کارروائی کررہا ہے۔
لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ 122 کے انتخابی ریکارڈ کی نادرا سے جانچ پڑتال کی وجہ سے انتخابی عذرداری پر گذشتہ ایک ماہ سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔
عمران خان کی سردار ایاز صادق کے خلاف انتخابی عذرداری پر کارروائی آخری مرحلے میں ہے اور عمران خان کی جانب سے عین اس وقت انگوٹھوں کی تصدیق نادرا سے کرانے کے لیے درخواست دائر کی گئی جب الیکشن ٹربیونل نے انتخابی عذرداری پر حتمی بحث شروع کرنی تھی۔
الیکشن ٹربیونل نے نادرا کی جانب سے انگوٹھوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہونے ووٹوں کے تھیلوں کی واپسی کا حکم دیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عمران خان عذرداری پر الیکشن ٹربیونل آٹھ اپریل کو مزید کارروائی کرے گا اور اس بات کا امکان ہے کہ اسی روز نادرا انتخابی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے حوالے سے مرتب کردہ رپورٹ ٹربیونل میں پیش کرے۔
عمران خان اس سے پہلے کئی بار حلقہ این اے 122 میں مبینہ دھاندلی پر حکومتی موقف کو مسترد کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے استعفے کا مطالبہ کر چکے ہیں کیونکہ بقول ان کے کمیشن کی رپورٹ کے بعد وہ اس عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں رکھتے۔







