بونیر میں غیرت کے نام پر دو خواتین قتل

خیبر پختونخواہ کے ضلع بونیر میں پولیس حکام کے مطابق غیرت کے نام پر دو خواتین کوگولیاں مار کر ہلاک کردیاگیا ہے۔
مقامی صحافی سید انور شاہ کے مطابق یہ واقع چغرزی کے علاقے اخون کلے میں پیش آیا ہے۔
تھانہ بٹاڑہ کے پولیس اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والی دونوں لڑکیوں معاشیرہ اور رخسانہ کو ان کے چچا ذاد ظفر نے گھر دیر سے آنے پر قتل کیا ہے۔
پولیس کے مطابق قتل کرنے بعد ملزم فرار ہوگیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے کاروائی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ بونیر میں اس سے پہلے بھی غیرت کے نام پر قتل کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
پاکستان کے مختلف علاقوں میں ایسے کئی واقعات پر پردہ ڈالا جاتا ہے اور بے عزتی کے خوف سے پولیس کو ان کی خبر نہیں دی جاتی۔
بعض اوقات ایسے جرائم کو پورے خاندان کی حمایت حاصل ہوتی ہے اور وہ اس جرم کو چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کے منانے کا مقصد نہ صرف خواتین کو ان کے بنیادی حقوق کے بارے میں آگاہی دیناہے بلکہ ان کی معاشرتی اہمیت کو بھی اُجاگر کرنا ہوتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم ملک میں آج خواتین کو جن اہم مسائل کا سامنا ہے اس میں ایک غیرت کے نام پر قتل بھی ہے اور پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات تواتر کے ساتھ رپورٹ ہو رہے ہیں۔







