’دہشت گردی کا خاتمہ معاشی، معاشرتی بقا کے لیے ناگزیر‘

،تصویر کا ذریعہ
وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتنی ہے کیونکہ یہ ہماری معاشی اور معاشرتی بقا کے لیے ناگزیر ہے۔
فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت کے پروگرام ملک بھر میں شروع کیے جائیں گے۔
سنیچر کو لاہور میں پولیس کے ٹریننگ سکول میں انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب منعقد ہوئی۔
انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے دستے میں 16 خواتین سمیت 421 اہلکاروں نے تربیت مکمل کی۔
تقریب میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بھی موجود تھے ۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا تحفظ اور امن و امان کا قیام حکومت کی ترجیحات میں سب سے اُوپر ہے اور اِسی وجہ سے انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے آج ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے اُس کے لیے ایسی ہی اعلیٰ تربیت یافتہ فورس کی ضرورت ہے تا کہ ملک بھر سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم کے مطابق فورس کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جدید تربیت دی جا رہی ہے اور آنے والے دنوں میں اِس فورس کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ جہاں فوج ضرب عضب آپریشن میں دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکار ہے وہیں وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے خلاف بنایے گئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑنے کے لیے کوشاں ہیں۔
وزیراعظم نے اِس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ صوبہ پنجاب کی طرح ملک کے دیگر صوبوں میں بھی انسداد دہشت گردی فورس کا قیام جلد عمل میں آئے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وقت درکار ہے لیکن اِس پر عمل شروع ہو چکا ہے انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاش یہ عمل کئی سال پہلے شروع کر لیا جاتا تو شاید آج ملک میں دہشت گردی نہ ہوتی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر جنرل راحیل کا بیان جاری کیا۔
بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ہم نے اپنی تربیتی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے اور تربیت کا یہ پروگرام ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔







