شمالی وزیرستان: فضائی کارروائی میں 23 شدت پسند ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں فوجی حکام نے فضائی کارروائیوں میں23 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسندوں میں بعض اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔
بیان کے مطابق جمعے کی شام کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ایک موثر اور ٹھیک ہدف پر فضائی کارروائی کی گئی۔
اس کارروائی میں 23 شدت پسندوں کی ہلاکت کے علاوہ زیر زمین گولہ بارود کا ذخیرہ اور سرنگوں کا نظام بھی تباہ ہو گیا ہے۔
شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن ضرب عضب اس سال جون میں شروع کیا گیا تھا جس میں حکام کے مطابق اب تک سینکڑوں شدت پسند ہلاک ہو چکے ہیں۔ آپریشن کے بعد شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے بھی ہو چکے ہیں اور جمعے کو ہی شوال میں دو ڈرون حملوں میں تین عیر ملکیوں سمیت آٹھ مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے تھے۔
16 دسمبر کو پشاور میں سکول پر طالبان کے حملے کے بعد فوج نے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے اس کے علاوہ شمالی وزیرستان میں بھی کارروائیاں کی جاری ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
گذشتہ ماہ حکام کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران حقانی نیٹ ورک اور ایسٹ ترکستان موومنٹ کے عناصر سے اس علاقے کو صاف کر دیا گیا ہے۔
سکول پر حملے کے بعد حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے 20 نکات پر مشتمل قومی ایکشن پلان تیار کیا ہے جس میں قبائلی علاقوں کے لیے فوجی عدالتوں کا قیام بھی شامل ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شمالی وزیرستان میں آپریشن شروع ہونے کے بعد لاکھوں افراد عارضی کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں اور ان کی جانب سے اپنے علاقوں میں جلد از جلد واپس جانے کے حوالے سے بے چینی پائی جاتی ہے۔







