دتہ خیل میں ڈرون حملہ، چار افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق یہ حملہ بدھ کی صبح دتہ خیل کے علاقے میں کنڈسر کے مقام پر کیا گیا ہے۔
علاقے میں مقیم افراد نے بی بی سی کو بتایا کہ ڈرون طیارے نے ایک مکان پر دو میزائل داغے۔
حملے میں اطلاعات کے مطابق چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جن کی اب تک شناخت نہیں ہو سکی۔
امریکی جاسوس طیارے نے دو روز پہلے افغانستان کے صوبہ ننگر ہار میں پاک افغان سرحد کے قریب بھی حملہ کیا تھا جس میں حکام کے مطابق کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ بچ گئے تھے۔
یہ ڈرون حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ایک بین الاقوامی تنظیم نے ڈرون حملوں پر اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان اور یمن میں ایسے حملوں میں بڑی تعداد میں بے گناہ افراد بھی مارے گئے ہیں۔
ریپریو نامی تنظیم کی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں 24 افراد کو ڈرون حملوں میں یا تو کئی بار ہلاک کرنے کے دعوے کیے گئے یا پھر ان کو ہدف بنایا گیا اور اس دوران حملوں میں 874 افراد ہلاک ہوئے۔
خیال رہے کہ رواں سال جنوبی اور شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کی طرف سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں اور گاڑیوں پر 16 حملے کیے گئے ہیں جس میں سے دو حملے جنوبی وزیرستان، جبکہ 14 شمالی وزیرستان میں کیے گئے ہیں۔ ان حملوں میں درجنوں شدت پسند مارے جا چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان اس سے پہلے بھی متعدد بار ڈرون حملوں کے خلاف اعلیٰ سطح پر مذمت اور احتجاج کر چکا ہے جبکہ امریکہ انھیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں موثر ہتھیار قرار دیتا ہے۔
شمالی وزیرستان میں رواں برس 15 جون سے فوجی آپریشن ضرب عضب شروع کیاگیا تھا، تاہم مقامی ذرائع کے مطابق بیشتر شدت پسند پاک افغان سرحدی علاقوں کی جانب منتقل ہوگئے تھے۔







