مولانا عبدالعزیز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

،تصویر کا ذریعہ
وفاقی دارالحکومت کی عدالت نے لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
سول سوسائٹی کے اراکین کو موت کی دھمکیاں دینے کی وجہ سے مولانا عبدالعزیز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اسلام آباد کی مقامی عدالت کے سینیئر سول جج ثاقب جواد نے جاری کیے۔
جمعے کو پولیس افسران عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ سول سوسائٹی کے اراکین نے مولانا عبدالعزیز کے خلاف قتل کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کروایا ہے، لہٰذا لال مسجد کے خطیب کو گرفتار کرنے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے معاملہ سُننے کے بعد لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
یاد رہے کہ 20 دسمبر کو اسلام آباد میں پولیس نے سماجی کارکنوں کی درخواست پر لال مسجد کے خطیب عبدالعزیز اور ان کے محافظوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
یہ مقدمہ جمعے کو رات گئے اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں سول سوسائٹی کے رکن سید نعیم بخاری کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
سول سوسائٹی کے ارکان جمعرات سے لال مسجد کے خطیب کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں اور ان کا عبدالعزیز سے مطالبہ ہے کہ وہ پشاور میں سکول پر حملہ کرنے والے طالبان کی مذمت کریں۔
اسی احتجاج کے دوران مظاہرے کے منتظمین نے لال مسجد سے متعلقہ شہدا فاؤنڈیشن کا ایک بیان پڑھ کر سنایا جس میں انھیں خطرناک نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس بیان کے سامنے آنے کے بعد مظاہرے کے شرکا نے آبپارہ تھانے کا رخ کیا اور وہاں لال مسجد کے خطیب اور ان کے محافظوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور کالعدم طالبان کی حمایت کرنے پر ایف آئی آر درج کروانے کے لیے درخواست دی۔







