’دہشت گردوں اور ان کی سرپرستی کرنے والی میں کوئی فرق نہیں‘

،تصویر کا ذریعہPID
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کی سرپرستی، معاونت اور امداد کرنے والوں کے درمیان کوئی فرق روا نہیں رکھا جائے گا۔
یہ بات منگل کو اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کہی گئی ہے۔
اس اجلاس میں بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل، آئی ایس آئی کے سربراہ، ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق اجلاس میں شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں جاری فوجیوں کارروائیوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے قومی لائحہ عمل کے طریقۂ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے کہا: ’ آپریشن ضرب عضب آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا اور دہشت گردوں اور ان کی سرپرستی، معاونت اور امداد کرنے والوں کے درمیان کوئی فرق روا نہیں رکھا جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم کا اتحاد ناگزیر ہے اور دہشت گردوں کی تخریبی ذہنیت کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔‘
اجلاس کے دوران ملک سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے مختلف قلیل اور وسط مدتی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
وزیر اعظم کی سربراہی میں قانونی ماہرین کا اجلاس بھی منگل کو وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا جس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج ہونے والے مقدمات کو فوری طور پر نمٹانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم پاکستان نے کہا ہے کہ قوم پشاور ، کوئٹہ اور واہگہ میں پیش آنے والے بربریت کے واقعات کو نہیں بھلائے گی۔
اُدھر وزیر داخلہ کی سربراہی میں قائم کی گئی قومی ایکشن پلان کمیٹی کا اجلاس بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں ورکنگ گروپ کی جانب سے شدت پسندی کے خاتمے کے لیے دی جانے والی سفارشات پر بات ہوئی۔
میڈیا کو اس اجلاس کی کوریج کی اجازت نہیں دی گئی تاہم اجلاس میں موجود ایک سرکاری اہلکار کے مطابق کمیٹی کے مختلف اراکین کی جانب سے بھی تجاویز دی گئی ہیں جن میں فوجی عدالتوں کے قیام اور پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی اُن کی وطن واپسی کی تجاویز بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ شدت پسندی کے خاتمے کے لیے تحفظ پاکستان آرڈیننس پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے دینی مدارس کے خلاف کارروائی کی سفارش کی کی گئی جو رجسٹرڈ نہیں ہیں اور اپنی آمدنی اور اخراجات کا آڈٹ کروانے سے بھی گریزاں ہیں۔
خیال رہے کہ یہ قومی ایکشن پلان کمیٹی گذشتہ ہفتے پشاور میں طالبان کے سکول پر حملے میں 141 افراد کی ہلاکت کے بعد قائم کی گئی تھی اور اسے ایک ہفتے میں سفارشات پیش کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ ایک ہفتے کی یہ مدت بدھ کو ختم ہو رہی ہے۔







