آرمی پبلک سکول پر حملہ گیم چینجر ہے: سرتاج عزیز

’جیسے 9/11 نے امریکہ کو تبدیل کردیا اسی طرح 16/12 ہمارا منی 9/11 ہے‘
،تصویر کا کیپشن’جیسے 9/11 نے امریکہ کو تبدیل کردیا اسی طرح 16/12 ہمارا منی 9/11 ہے‘

وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملہ پاکستان کا 9/11 ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ 132 بچوں سمیت 149 افراد کی ہلاکت نے شدت پسندی کے خلاف جنگ کے حوالے سے عوام کی سوچ کو تبدیل کر دیا ہے۔

’پشاور میں واقع آرمی پبلک سکول پر حملہ گیم چینجر (پانسہ پلٹ دیا) ہے۔ اس نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا ’جیسے 9/11 نے امریکہ کو تبدیل کردیا اسی طرح 16/12 ہمارا منی 9/11 ہے۔‘

پاکستان پر کئی عرصے سے الزامات لگتے رہے ہیں کہ یہ شدت پسندوں کے حوالے سے ڈبل گیم کھیلتا رہا ہے۔ تاہم اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پشاور کے سکول پر حملے کے بعد سے یہ سوچ ختم ہو گئی ہے۔

’اس گروپ کو ہدف بنانا ہے اور اس گروپ کو ہدف نہیں بنانے کا امتیاز تقریباً ختم ہو گیا ہے۔ ہمیں احساس ہو گیا ہے کہ آخر میں یہ تمام گروپ ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں اور اگر آپ ان گروپوں میں تفریق کرتے ہیں تو ان گروپوں ہی کو مہلت دے رہے ہیں جو مستقبل میں ہمارے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔‘

اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف نے پشاور حملے کے ایک دن بعد ملک کی سیاسی قیادت کے اجلاس کے بعد امریکہ مشترکہ نیوز کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شدت پسندی کے خلاف کارروائیوں میں کسی بھی سطح پر اچھے اور برے طالبان کی کوئی تمیز روا نہیں رکھی جائے گی اور جب تک ایک بھی دہشت گرد باقی ہے یہ جنگ جاری رہے گی۔