آٹھ گھنٹے کے بریک ڈاؤن کے بعد کراچی میں بجلی کی جزوی بحالی

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں آٹھ گھنٹے کے بریک ڈاؤن کے بعد شہر کو بعد بجلی کی فراہمی کا سلسلہ دوبارہ بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔
شہر کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کراچی الیکٹرک کے مطابق نیشنل گرڈ سے کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی 500 کلو واٹ کی ٹرانسمیشن لائن سنیچر کو رات گئے ٹرپ کر گئی تھی۔
ادارے کے مطابق لائن ٹرپ ہونے کی وجہ دھند اور نمی تھی اور اس کی وجہ سے کراچی کے 80 فیصد حصے کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی تھی۔
جو علاقے بجلی کی بندش سے متاثر ہوئے تھے ان میں ناظم آباد، لانڈھی، کورنگی، نیو کراچی، کلفٹن، ڈیفنس، نرسری، پی سی ایچ ایس اور گلشن اقبال سمیت کئی بڑے رہائشی علاقے شامل ہیں۔
کے الیکٹرک کے مطابق بریک ڈاؤن کی وجہ ہائی وولٹیج ٹرانسمشن لائن میں فنی خرابی بنی اور متعدد ہسپتالوں کو بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
کمپنی نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ نقص دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں لیکن بجلی کی مکمل بحالی میں تین سے چار گھنٹے لگ سکتے ہیں تاہم آٹھ گھنٹے بعد بھی بجلی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی۔
پی ٹی وی کے مطابق بجلی کی ترسیل کے قومی ادارے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے ترجمان نے اتوار کی دوپہر کہا ہے کہ گدو - دادو ٹرانسمیشن لائنوں پر بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے جس کے بعد سکھر اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بجلی آ گئی ہے۔
این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق کراچی کو بھی مرحلہ وار بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ جولائی میں بھی صوبہ سندھ کے شہر کراچی سمیت کئی شہروں میں جامشورو ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔
شہر کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے ’کے الیکٹرک‘ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جامشورو ٹرانسمیشن لائن سے 650 میگاواٹ کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جہاں سے لائن ٹوٹنے کی وجہ سے پورا بوجھ کے الیکٹرک کے پیداواری یونٹس پر پڑ گیا ہے۔
اس صورتحال کی وجہ سے شہر کے 1330 فیڈر ٹرپ کر گئے اور شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔







