راولپنڈی: بارانی یونیورسٹی کی طالبہ قتل

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں ایک مسلح نوجوان نے بارانی یونیورسٹی میں گھس کر ایک طالبہ کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
مقتولہ سائرہ بی بی راولپنڈی کی بارانی یونیوسٹی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی میں فائنل ایئر کی طالبہ تھیں۔
مقامی پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم شیعب اسماعیل کام سیٹس انسٹی ٹیوٹ میں طالب علم ہے اور اس کا چار سال پہلے راولپنڈی کی رہائشی سائرہ سے نکاح ہوا تھا، تاہم ابھی تک رخصتی نہیں ہوئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس عرصے کے دوران دونوں میں اختلافات پیدا ہوگئے جو وقت کے ساتھ ساتھ شدت اختیار کر گئے۔
تھانہ صادق آباد پولیس کے اہلکار رستم محمود کے مطابق مقتولہ کے کلاس فیلو اور یونیورسٹی کے دیگر طالب علموں کے بقول ملزم کو رنج تھا کہ اس کی منکوحہ اسے اہمیت نہیں دے رہی جس کا اظہار انھوں نے متعدد بار مقتولہ کے کلاس فیلوز سے کیا تھا۔
اہلکار کے مطابق ملزم پہلے بھی یونیورسٹی میں اپنی منکوحہ سے ملنے کے لیے آتا تھا اور بعص اوقات ان کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوتی تھی۔
پولیس کے مطابق بدھ کو ملزم شعیب پستول سے مسلح ہو کر یونیورسٹی آیا اور سائرہ کو کلاس روم سے باہر بلوا کر دیگر طالب علموں کی موجودگی میں ان کے سر پر گولی مار دی جس سے وہ موقعے ہی پر ہلاک ہوگئیں۔
جائے حادثہ پر موجود طالب علموں نے ملزم کو قابو کر لیا اور پولیس کو اس واقعے کی اطلاع دی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس نے موقعے پر پہنچ کر ملزم کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ یہ اس کی بیوی تھی، بس اس کو قتل کر دیا ہے۔
اس مقدمے کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں دونوں خاندانوں کے درمیان ممکنہ دشمنی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہے۔
پاکستان کے تعلیمی اداروں میں طالب علموں کے درمیان فائرنگ کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن باہر سے آ کر یونیورسٹی کے اندر کسی طالب علم کو قتل کرنے کے واقعات کم ہی سامنے آئے ہیں۔
یونیورسٹی کی انتظامیہ نے سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں کہ یہ مسلح شخص یونیورسٹی میں کیسے داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا۔







