بنوں میں دھماکہ، پشاور میں فائرنگ، دو افراد ہلاک

پشاور میں پھندو روڈ پر پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ میں دو پولیس اہکار ہلاک ہوئے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپشاور میں پھندو روڈ پر پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ میں دو پولیس اہکار ہلاک ہوئے
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دھماکے اور پشاور میں فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ضلع بنوں میں شمالی وزیرستان ایجنسی کے لاکھوں افراد نقل مکانی کر کے پہنچے ہیں۔

بنوں میں نا معلوم افراد نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ کے ماتحت خاصہ دار فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا لیکن خاصہ دار فورس کے اہلکار اس حملے میں محفوظ رہے ہیں۔

پولیس انسپکٹر حاجی رخسار نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکہ خیز مواد موٹر سائکل میں نصب کیا گیا تھا جس وقت خاصہ دار فورس کی گاڑی ریلوے روڈ پر اس مقام سے گزری تو اسی وقت دھماکہ ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ دھماکے میں اہلکار تو محفوظ رہے ہیں لیکن تین راہگیر زخمی ہو گئے ہیں۔

گاڑی میں خاصر دار فورس کے نائب صوبیدار سمیت پانچ اہلکار سوار تھے۔ یہ اہلکار اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ شمالی وزیرستان کے دفتر میں کام کرتے ہیں۔

پولیس کے مطابق خاصہ دار فورس کے ان اہلکاروں پر ایک ماہ پہلے بھی حملہ کیا گیا تھا جس میں خاصہ دار فورس کے اہلکار محفوظ رہے تھے لیکن پولیس کے ایک اے ایس آئی اس میں زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حملہ بھی موٹر سائکل میں نصب دھماکہ خیز مواد سے کیا گیا تھا۔

ان دنوں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے لاکھوں افراد بنوں پہنچے ہیں جس سے شہر پر آبادی کا دباؤ بڑھ گیا ہے ۔ دو روز پہلےبھی بنوں میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس کے علاوہ کل رات ادھر پشاور میں پھندو روڈ پر پولیس کی موبائل گاڑی پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کی ہے جس میں دو اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے ۔ پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے جس کا نام ساجد بتایا جا رہا ہے ۔

پشاور اور صوبے کے دیگر علاقوں میں ان دنوں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ منگل کو رات کے وقت نا معلوم افراد نے سربند کے علاقے میں فایرنگ کرکے دو افراد کو ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یہ پانچوں افراد نماز تراویح کے بعد مسجد سے واپس آرہے تھے۔