پشتو زبان کی گلوکارہ گلناز کو قتل کر دیا گیا

پولیس نے بتایا کہ گلناز کے بھائی نے گلناز کے شوہر پر حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنپولیس نے بتایا کہ گلناز کے بھائی نے گلناز کے شوہر پر حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو، پشاور

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پشتو زبان کی گلوکارہ گلناز کو ان کے گھر میں قتل کر دیا گیا ہے۔

یہ واقعہ پشاور میں صدر کے علاقے کے قریب گلبرگ میں پیش آیا۔ مقامی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ چار افراد شاہ سٹریٹ میں گلناز عرف مسکان کے گھر میں داخل ہوئے اور ان پر فائر کھول دیا۔

پولیس کا کہا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے ایک ہی گولی چلائی جس سے وہ زخمی ہوگئیں اور ہسپتال میں دم توڑ دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جس وقت گلناز پر فائرنگ کی گئی، اس وقت ان کے گھر میں ان کی بہن، بہنوئی اور بھائی بھی موجود تھے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ گلناز کے بھائی نے گلناز کے شوہر پر حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

گلوکارہ گلناز کے عمر 40 سال تک بتائی گئی ہے اور ان کے متعدد گانے اور البم مارکیٹ میں آئے ہیں۔

کچھ عرصہ پہلے پشتو زبان کی گلوکارہ غزالہ جاوید کو بھی پشاور کے علاقے ڈبگری میں فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا تھا۔ ان کے قتل کے الزام میں پولیس نے ان کے شوہر جہانگیر کو گرفتار کیا تھا۔