ہنگو: ایک ہی خاندان کے سات افراد قتل

یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا اس خاندان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی تھی اور یا انھیں کسی اور وجہ سے قتل کیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنیہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا اس خاندان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی تھی اور یا انھیں کسی اور وجہ سے قتل کیا گیا ہے
    • مصنف, عزیزاللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، بنوں

خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو میں نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر اورکزئی ایجنسی سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں پر فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے سات افراد کو ہلاک اور ایک بچی کو زخمی کر دیا۔

اس خاندان کے کل نو افراد تھے جن میں ایک خاتون بچ گئیں جب کہ ایک بچی زخمی ہے۔

پولیس اہلکار محمد آصف نے بتایا کہ خاندان کی زندہ بچ جانے والی خاتون کے مطابق رات کے وقت کچھ مسلح افراد نے ان کے مکان میں گھس آئے اور فائرنگ شروع کر دی۔ اس حملے میں ایک خاتون، دو بچیاں، ایک لڑکا اور تین مرد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک بچی زخمی ہوئی ہے۔

یہ واقعہ رات کے وقت ہنگو میں بکرو بانڈہ کے علاقے میں پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ خاندان اس مکان میں تقریباً ایک ہفتہ پہلے منتقل ہوا تھا۔ تاہم اس علاقے میں وہ کچھ عرصے سے رہائش پذیر تھے۔ اس خاندان کا تعلق قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی سے بتایا گیا ہے اور یہ اپنے علاقے میں فوجی کارروائیوں کی وجہ سے کچھ عرصہ قبل نقل مکانی کر کے ہنگو میں کرائے کے مکان میں مقیم ہوگئے تھے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ خاتون انتہائی خوف زدہ تھیں اور اس لیے زیادہ تفصیل نہیں بتا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چند روز میں اس بارے میں مزید معلومات حاصل ہو سکیں گی۔

یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا اس خاندان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی تھی اور یا انھیں کسی اور وجہ سے قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔