مستونگ:فائرنگ کےتبادلےمیں چھ اہلکار ہلاک

بلوچستان میں اس سے پہلے بھی پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنبلوچستان میں اس سے پہلے بھی پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

صوبہ بلوچستان کےعلاقے مستونگ میں فائرنگ کے تبادلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چھ اہلکارروں سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مستونگ پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ چار مسلح افراد نے مستونگ میں ایک سرکاری بینک میں ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی۔

بینک کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کی مزاحمت پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے باعث ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

جب مسلح افراد گاڑی میں فرار ہوئے تو پولیس نے ان کا پیچھا کیا۔

پولیس نے جب مستونگ شہر سے کچھ فاصلے پر واقع گاؤں کے قریب جب مسلح افراد کو روکا تو ان کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مسلح افراد نے گاڑی چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس نے ایک مسلح شخص کوگرفتار کر لیا جبکہ تین قریبی گاؤں میں روپوش ہوگئے۔ پولیس نے مسلح افراد کے زیرِ استعمال گاڑی کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

پولیس اور لیویز نے جب گاؤں میں مسلح افراد کا تعاقب کیا تو ان پر فائرنگ ہوئی جس سے پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

فائرنگ کے تبادلے میں اسسٹنٹ کمشنر مستونگ اور پولیس کے ڈی ایس پی سمیت چھ اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ میں ایک اور مسلح شخص ہلاک ہوگیا جبکہ دو ایک موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔