کوئٹہ: فائرنگ سے تین افراد ہلاک، ایک زخمی

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنپولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مر کزی شہر کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں تین افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

کوئٹہ پولیس کے ایک سینیئر افسر نے بتایا کہ یہ واقعہ بلوچستان یونیورسٹی کے قریب منیر مینگل روڈ پر پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ دو افراد ایک لینڈ کروزر میں جا رہے تھے جب ان گاڑی منیر مینگل روڈ پرپہنچی تو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس پر فائر کھول دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کلاشنکوف سے اندھادھند فائرنگ کے باعث نہ صرف گاڑی میں سوار دونوں افراد ہلاک ہوئے بلکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر بھی ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔

حملہ آور اس واقعہ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اس واقعہ کے محر ک کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ جائیداد پر تنازعہ کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

کوئٹہ عرصے سے بم دھماکوں، ٹارکٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی زد میں رہا ہے۔

اپریل کے اوائل میں بھی فائرنگ کے ایک واقعہ میں ہزارہ شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افرادکو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

مارچ میں کوئٹہ کے جناح روڈ پر سائنس کالج چوک میں دھماکے کے نتیجے میں دس افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوگئے تھے۔