’ملک کو کثیر الجہت سکیورٹی خطرات لاحق ہیں‘

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جنرل راحیل نے زمین سے فضا میں نشانہ بنانے والے میزائلوں کے استعمال اور اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے پر جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنآئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جنرل راحیل نے زمین سے فضا میں نشانہ بنانے والے میزائلوں کے استعمال اور اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے پر جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک کو کثیر الجہت سکیورٹی خطرات لاحق ہیں جن سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت اعلی پیشہ ورارنہ تیاری ضروری ہے۔

راولپنڈی میں پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے جانے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جمعہ کو سونمیانی رینج کا دورہ کیا اور فوج کی مشقوں کا جائزہ لیا۔

بیان کے مطابق ان مشقوں میں گنز اور سطح سے فضا میں میزائل سمیت فضائی دفاعی ہتھیاروں کی مکمل رینج استعمال کی گئی۔

ان مشقوں میں ایئرڈیفینس میں استعمال ہونے والے تمام ہتھیار استعمال کیے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جنرل راحیل نے زمین سے فضا میں نشانہ بنانے والے میزائلوں کے استعمال اور اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے پر جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

انھوں نے کہا کہ مشن کی تکمیل کے لیے اعلٰی تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت ہمارا طرۂ امیتاز رہا ہے۔

سونمیانی رینج پہنچنے پر آرمی ڈیفنس یونٹ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد زاہد لطیف مرزا آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا استقبال کیا اور انھیں مشقوں کے مقاصد سے آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے چیف آف آرمی سٹاف نے غازی بیس تربیلہ میں پاکستانی فوج کے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے ہیڈکوارٹر کےدورے کے دوران کہا تھا کہ فوج ملک کے تمام اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے لیکن پاکستان فوج کے وقار کا ’ہرحال میں‘ دفاع کرے گی۔

جنرل راحیل شریف نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستانی فوج نے ہمیشہ قومی سلامتی اور تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور وہ یہ اہم فریضہ سر انجام دیتی رہے گی۔

چیف آف آرمی سٹاف نے کہا تھا کہ ملک اندرونی اور بیرونی مشکلات سے دوچار ہے اور پاک فوج تمام اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔