وزیرستان: سجنا اور شہر یار گروپ میں لڑائی چھ ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں اطلاعات کے مطابق طالبان گروپوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں کم سے کم چھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پیر کی شب جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغا کے علاقے شکتوئی میں طالبان گروپوں نے ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر بھاری اور خود کار ہتھیاروں سے حملے کیے۔
مقامی افراد کے مطابق جھڑپوں میں کم سے کم چھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔
جنوبی وزیرستان کے صحافیوں نے بتایا کہ علاقے میں گزشتہ تین دنوں سے طالبان کمانڈروں سجنا اور شہر یار گروپوں کے مابین وقفے وقفے سے لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔
ان کے مطابق فریقین مورچہ زن ہوکر ایک دوسرے کے مراکز پر حملے کر رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اتوار کی شب بھی فریقین نے ایک دوسرے کے مورچوں پر شدید حملے کیے جس کے نتیجے میں پانچ جنگجو مارے گئے تھے۔
مقامی صحافیوں کے مطابق اب تک اس لڑائی میں دونوں جانب سے 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں اہم طالبان کمانڈر کشید خان بھی شامل ہیں۔ تاہم ان جھڑپوں کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ان گروہوں کے مابین پہلے سے اختلافات چلے آ رہے ہیں جس کی وجہ وقتاً فوقتاً ان کے درمیان لڑائی بھی ہوتی رہی ہے۔
دوسری طرف کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے تاحال اس لڑائی کے حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ سجنا گروپ کا تعلق ولی الرحمان گروپ سے جب کہ شہریار گروپ کا تعلق حکیم اللہ گروپ سے بتایا جاتا ہے۔
یہ دونوں کمانڈر تحریک میں اگلے دھڑوں کی سربراہی بھی کرتے رہے ہیں۔ تاہم ولی الرحمان گزشتہ سال ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے لیکن ان کے دھڑے کی حثیت بدستور برقرار ہے۔







