شمالی وزیرستان: راکٹ حملے میں چار افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہunknown
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک گاڑی پر ہونے والے راکٹ حملے میں کم سے کم تین شدت پسندوں سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
شمالی وزیرستان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ حملہ بدھ کی شام میرانشاہ کے علاقے درپخیل میں اس وقت ہوا جب سڑک پر جانے والی ایک گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے راکٹ لانچر اور دیگر خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے تصدیق کی کہ حملے میں کم سے کم چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد میں تین کا تعلق طالبان کمانڈر حافظ گل بہادر گروپ سے بتایا گیا ہے جبکہ ایک راہگیر شامل ہیں۔
تاہم اس واقعہ کی وجہ فوری طورپر معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی کسی تنظیم نے ابھی تک اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں شدت پسند تنظیموں کے مابین اختلافات کی وجہ سے اکثر اوقات اس قسم کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں ہی کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے ایک اہم کمانڈر عصمت اللہ شاہین نامعلوم مسلح افراد کے ایک حملے میں ساتھیوں سمیت مارے گئے تھے۔



