وزیرستان میں فضائی کارروائیاں موثر رہی ہیں: سرتاج عزیز

،تصویر کا ذریعہReuters
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ وزیرستان ایجنسی میں طالبان کے خلاف فضائی کارروائیاں اب تک بہت موثر ثابت ہوئی ہیں۔
سرتاج عزیز نے یہ بات بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات زیادہ مفید ثابت نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ’ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی کافی موثر رہی ہے۔‘
سرتاج عزیز نے ایک بار پھر سعودی عرب کی جانب سے شام کے باغیوں کے لیے پاکستانی ہتھیار دیے جانے کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ شام کے باغیوں کو ہتھیار دینے والی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا: ’سعودی عرب دنیا بھر سے ہتھیار خرید رہا ہے اور میرا نہیں خیال کہ وہ ہمارے ہتھیار خریدیں گے کیونکہ ہمارے ہتھیار اتنے اچھے نہیں ہیں۔‘
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق سرتاج عزیز نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں میں دفاعی اور خارجہ پالیسی کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ منگل کی شام بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق آرمی چیف اور وزیر اعظم نے دفاع اور قومی سلامتی کے امور پر بات چیت کی۔
اس ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام اور ڈی جی ملٹری آپریشنز عامر ریاض بھی موجود تھے۔







