پشاور:ایرانی قونصلیٹ کے قریب خودکش حملہ، دو اہلکار ہلاک

یہ خیبر پختونخوا میں دو دن میں ہونے والا دوسرا دھماکہ ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنیہ خیبر پختونخوا میں دو دن میں ہونے والا دوسرا دھماکہ ہے

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہونے والے خودکش دھماکے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ دھماکہ پیر کی شام یونیورسٹی ٹاؤن کے علاقے میں واقع ایرانی قونصل خانے کی سکیورٹی کے لیے قائم چیک پوسٹ پر ہوا۔

پشاور پولیس کے اے ایس پی احسن سیف اللہ نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ حملہ آور ایک آلٹو گاڑی میں سوار تھا جو ایرانی قونصلیٹ کی جانب آ رہی تھی۔

ان کے مطابق ایف سی اہلکاروں نے اسے رکنے کو کہا اور ایسا نہ کرنے پر فائرنگ کی جس پر حملہ آور نے پہلے جوابی فائرنگ کی اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں ایف سی کے دو اہلکار ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹر زاہد حنیف نے بی بی سی کو بتایا کہ اس واقعے کے بعد نو زخمی اہلکاروں کو ہسپتال لایا گیا تھا جن میں سے دو چل بسے۔

سکیورٹی اہلکاروں نے اس واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

یہ خیبر پختونخوا میں دو دن میں ہونے والا دوسرا دھماکہ ہے۔ اس سے قبل اتوار کو کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب ہونے والے دھماکے میں کم سے کم 10 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔