بلوچستان: پنجگور ہوائی اڈے پر راکٹ حملہ

- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایران کی سرحد سے متصل ضلعے پنجگور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر راکٹ سے حملہ کیا گیا۔
پنجگور میں مقامی پولیس کے اہل کار نے بی بی سی سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم افراد نے پیر کی شب ہوائی اڈے پر دو راکٹ داغے۔
پولیس کے مطابق دونوں راکٹ ہوائی اڈے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک اہم ریڈار کے قریب گرے اور دھماکے سے پھٹ گئے۔
پولیس کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا اور پولیس کو شبہ ہے کہ اس حملے کا بظاہر نشانہ ہوائی اڈہ اور ہوائی اڈے کا ریڈار تھا۔
یاد رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا ایک انتہائی اہم ریڈار پنجگور کے ہوائی اڈے پر نصب ہے جس کے ذریعے پنجگور کی فضائی حدود سے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر ریڈار کو حملے کے نتیجے میں نقصان پہنچتا تو اس سے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کو کنٹرول کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔

واضح رہے کہ پنجگور کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو شورش سے زیادہ متاثر ہیں اور اس کے ہوائی اڈے پر پاکستان کی قومی ہوائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی پروازیں جاتی ہیں۔
جون 2011 میں پی آئی اے نے پنجگور سے شارجہ کے لیے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جو تربت کے راستے متحدہ عرب امارات کی ریاست جاتی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ پنجگور کو 2011 ہی میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کا درجہ دیا گیا تھا۔
اس علاقے میں سیکورٹی فورسز اور سرکاری تنصیبات پر پہلے بھی حملے ہوتے رہے ہیں۔







