سندھ میں 27 نومبر اور پنجاب میں 7 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔
بدھ کو الیکشن کمیشن کی طرف سے اعلان کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق سندھ میں ستائیس نومبر اور پنجاب میں سات دسمبر کو پولنگ ہو گی۔
بلوچستان میں پہلے ہی سات دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
کمیشن کے مطابق پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے نومبر کی گیارہ اور بارہ کو کاغذاتِ نامزدگی وصول کیے جائیں گے۔
کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات نومبر کی تیرہ تاریخ کو جمع کرائے جا سکیں گے جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا کام سندھ میں سولہ اور سترہ نومبر جبکہ پنجاب میں سولہ سے اٹھارہ نومبر تک کیا جائے گا۔
سندھ میں کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ بائیس جبکہ پنجاب میں چوبیس نومبر مقرر کی گئی ہے اور امیدواروں کی حتمی فہرست کا اعلان سندھ میں تئیس اور پنجاب میں پچیس نومبر کو کر دیا جائے گا۔
انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد صوبۂ سندھ میں پولنگ ستائیس نومبر اور پنجاب میں سات دسمبر کو ہو گی۔
خیال رہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ کی پچیس تاریخ کو الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ تین صوبوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی طرف سے دی جانے والی تاریخوں پر بلدیاتی انتخابات کروا دیے جائیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیبر پختونخوا کی حکومت نے ابھی تک سپریم کورٹ کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق کوئی تاریخ نہیں دی ہے۔
یاد رہے کہ گُزشتہ پانچ سال کے دوران ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے گئے اور اُس وقت کی صوبائی حکومتوں نے امن و امان کی خراب صورت حال کو یہ الیکشن نہ کروانے کی وجہ قرار دیا تھا۔







