’قاتلوں اور شہیدوں کو ایک ہی صف میں کھڑا نہیں کرنا چاہیے‘

کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ کی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر قومی اسمبلی میں بحث کے دوران ایوان واضح طور پر منقسم نظر آ رہا ہے اور منگل کو حزب اختلاف کے بعض ارکان نے شدت پسندوں کو ہیرو بنا کر پیش کرنے پر اپنے تحفظات کا اظہار اور حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
بحث میں حصہ لیتے ہوئے قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں ڈرون حملوں سے متعلق اگر متفقہ قرارداد منظور کی گئی تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ایوان طالبان کے موقف کی توثیق کر رہا ہے۔

اُنہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اس سے پہلے جو ڈرون حملوں سے متعلق قراردادیں منظور ہوئی تھیں اُن کا کیا بنا۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر حالیہ ڈرون حملوں سے متعلق قرارداد منظور کی گئی تو پھر ملالہ یوسف زئی پر ہونے والے حملے سے متعلق بھی مذمتی قرارداد پیش کی جائے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے سے متعلق متفقہ قرارداد لانے سے ایوان منقسم ہوسکتا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ قرارداد پاس کرنے سے پہلے اُن چالیس ہزار افراد کے خاندانوں کے جذبات کو بھی سامنے رکھا جائے جنہیں طالبان کے مختلف گروپوں نے ہلاک کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ قاتلوں اور شہیدوں کو ایک ہی صف میں نہیں کھڑا کرنا چاہیے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے حکومت کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کا اختیار دیا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ابھی تک حکومت کی طرف سے اس معاملے پر اُس طرح سنجیدگی کا اظہار نہیں کیا جا رہا جس طرح کی توقع تھی۔
جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمٰن نے کہا کہ افغانستان میں موجود نیٹو کی سپلائی سے متعلق حکومت از سر نو پالیسی مرتب کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے۔ اُنہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ان معاملات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو جاری رکھا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کو امریکی ڈرون حملوں سے متعلق سخت موقف اپنانا چاہیے اور اس ضمن میں حکومت پارلیمانی لیڈروں سے مشاورت کرکے حکمت عملی بنائے ۔

اس کے علاوہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں چونکہ ڈرون حملے نہیں ہو رہے اس لیے وہاں کے لوگوں کو شاید ان ڈرون حملوں کی شدت کا اُتنا احساس نہیں ہوگا جتنا قبائلی علاقوں کے لوگوں کا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں سے متعلق قرارداد لانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ محتلف لیڈروں کی طرف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں کی جانے والی تقاریر عوام کو مطمئن نہیں کر سکتیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا کی حکومت نے نیٹو کی سپلائی روکنے سے متعلق فیصلے پر عمل درآمد کو محرم الحرام کی وجہ سے روک دیا گیا ہے اور اس بارے میں بیس نومبر کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل قومی اسمبلی میں حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈرون حملوں اور نیٹو کی سپلائی روکنے سے متعلق متفقہ قرار داد لانے پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔
حزب اختلاف کی جماعتوں میں پاکستان تحریکِ انصاف اور جماعت اسلامی فوری طور پر نیٹو کی سپلائی بند کرنے پر اصرار کر رہی تھیں ۔







