کراچی میں پرسکون عید، کھال چھنی نہ جانور

- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
کراچی میں برسوں بعد عید کے تینوں روز صورتحال معمول پر رہی اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ رواں سال قربانی کی کھالیں چھیننے کا بھی کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔
ایک بڑے عرصے کے بعد پہلی بار کسی جماعت یا ادارے نے یہ شکایت نہیں کی کہ ان کے رضاکاروں سے کھالیں چھینی گئیں یا حملہ کیا گیا۔
تاہم پولیس اور رینجرز نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک سو انتیس مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
رینجرز کے اعلامیے کے مطابق الفلاح سوسائٹی، نارتھ ناظم آباد، جہانگیر آْباد، بروہی گوٹھ اور گارڈن کے علاقوں میں گزشتہ رات ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی ہے۔ جس کے دوران سولہ جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا گیا۔

اس سے پہلے خمیسو گوٹھ اورنگی کے مختلف علاقوں میں اچانک چیکنگ کے دوران چوبیس ملزمان کو گرفتار کیاگیا تھا ۔
دوسری جانب پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پچاس کے قریب چھاپے مارے گئے جن کے دوران دو مقامات پر پولیس کو مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
پولیس نے 68 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن میں 21 مفرور، ایک دہشتگردی اوردو قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب تھے۔



