ایف سی کے قافلے پر حملہ، تین اہلکار ہلاک

بلوچستان میں فرنٹیئر کور کے حکام کا کہنا ہے کہ پنجگور کے علاقے میں مسلح افراد کے حملے میں تین اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
ایف سی کے ترجمان نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ یہ حملہ سنیچر کی صبح ساڑھے سات بجے پروم چیک پوسٹ کے قریب ہوا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مسلح حملہ آوروں نے ایف سی کی ایک گشتی پارٹی کو نشانہ بنایا۔
ان کے مطابق اس حملے میں تین ہلاکتوں کے علاوہ دو اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایف سی کے ترجمان کے مطابق حملے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں پانچ حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔
علیحدگی پسند گروپ بلوچ ری پبلکن آرمی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور اس بات سے انکار کیا ہے کہ ایف سی کی جوابی کارروائی میں ان کے پانچ ساتھی مارے گئے۔
خیال رہے کہ پنجگور بلوچستان کے شورش زدہ علاقوں میں شامل ہےاور یہاں بلوچ علیحدگی پسندوں کا خاصا اثر ہے۔
یہاں ماضی میں بھی سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں جن میں خاصا جانی نقصان بھی ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بلوچستان کا یہ سرحدی ضلع ایک جانب ایران سے جڑا ہوا ہے تو صوبے میں اس کی سرحدیں حال ہی میں زلزلے سے متاثرہ علاقے آواران سے بھی ملتی ہیں۔







