کراچی میں دھماکہ،سرکاری افسر سمیت 3 زخمی

کراچی میں موٹرسائیکل میں نصب بموں کے دھماکوں میں تیزی آئی ہے
،تصویر کا کیپشنکراچی میں موٹرسائیکل میں نصب بموں کے دھماکوں میں تیزی آئی ہے

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہونے والے ایک دھماکے میں شہر کے میونسپل کمشنر سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ دھماکہ سنیچر کی شام عیسیٰ نگری کے قبرستان کے قریب ہوا اور اس میں ایک سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق اس دھماکے میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے کمشنر متانت علی خان اور ان کے محافظ کے علاوہ ایک اور شخص بھی زخمی ہوا ہے اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دھماکے سے گاڑی اور اس کے اردگرد موجود دو رکشوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے لگتا ہے کہ بم ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا۔

کراچی میں موٹرسائیکل میں نصب بموں کے دھماکوں میں رجحان میں گزشتہ کچھ عرصے میں تیزی دیکھی گئی ہے۔

گزشتہ ماہ بھی کراچی کے مصروف علاقے برنس روڈ پر سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر کے قافلے کو بھی اسی قسم کے بم حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اس حملے میں 7 سکیورٹی اہلکار ہلاک اور جسٹس مقبول باقر شدید زخمی ہوئے تھے۔