شمسی بجلی گھر: چینی کمپنی کو دعوت

وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے شمسی بجلی گھر تیار کرنے والی چینی کمپنی کو پاکستان میں شمسی بجلی گھر لگانے کی دعوت دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیر اعظم نے یہ دعوت جمعرات کو چائنہ نارتھ انڈسٹریز کارپوریشن (نارنکو) کے چیئرمین وانگ ژی تونگ کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد سے ملاقات میں دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو بجلی کی انتہائی قلت کا سامنا ہے اور بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں ایسے بڑے علاقے ہیں جہاں سارا سال دھوپ ہوتی ہے اور پاکستان میں شمسی بجلی گھر لگانے کے لئے وافر زمین بھی دستیاب ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صوبہ بلوچستان میں شمسی توانائی کے پلانٹس لگانے کے امکان پر بھی بات کی جہاں آبادی کم اور بکھری ہوئی ہے۔
نارنکو کا شمار اثاثوں اور محصولات کے حوالے سے چین کی 500 بڑی سرکاری کمپنیوں میں ہوتا ہے ۔ نارنکو پٹرولیم، کانکنی، انجینئرنگ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں کام کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے نارنکو کو پاکستان میں خام لوہے کی تلاش کی بھی دعوت دی۔
اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے کراچی، لاہور اور راولپنڈی اسلام آباد میں مسافروں کی سہولت کے لیے زیر زمین ٹرینیں چلانے کے منصوبوں کے امکانات پر بھی بات چیت کی۔
نارنکو کے چیئرمین نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں منصوبے لگانے میں سنجیدہ ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ چین واپس پہنچنے پر وہ فوری طور پر ماہرین کی ایک ٹیم پاکستان بھیجیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیراعظم نے چینی وفد کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت ان منصوبوں پر جلد سے جلد کام شروع کرنے کے لیے نارنکو کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وزیراعظم آفس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔







