’پرامن انتخابات ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے‘

پاکستان کے چیف الیکشن کمیشنر جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم نے بّری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ایک خط میں انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری ٹی وی سٹیشن پی ٹی وی کے مطابق اس خط میں چیف الیکشن کمشنر نے جنرل کیانی سے درخواست کی ہے کہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر فوج تعینات کی جائے۔
فخرالدین جی ابراہیم نے خط میں کہا ہے کہ پرامن انتخابات ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
خط میں الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ ان کو انداز ہے کہ وسائل کی کمی ہے لیکن گیارہ مئی کو انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر فوج کی تعیناتی لازم ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کی تعداد چودہ ہزار ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈایریکٹر جنرل نے پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ فوج سول حکومت کی معاونت کے لیے آئی ہے اور پولنگ مراکز کے اندر فوج تعینات نہیں ہوگی۔
ان کے مطابق اگر کہیں سے کوئی خطرہ اور اطلاع موصول ہوئی تو فوج ’رسپانس‘ کرے گی اور فوج کی سریع الحرکت فورس کو ہیلی کاپٹر بھی فراہم کر دیے گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دن پنجاب میں تعینات کیے جانے والے اہلکاروں میں پولیس، خصوصی فورس، رینجرز اور قومی رضاکار دستے کے دو لاکھ ساٹھ ہزار ارکان شامل ہوں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن پہلے بھی انتخابات کے دوران فوج تعینات کرنے کی سفارش کر چکا ہے لیکن نگراں حکومت اس بارے میں فیصلہ کرنے میں بظاہر محتاط نظر آتی ہے اور خود فوج کی جانب سے بھی ہر پولنگ مرکز پر فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی مخالفت کی گئی ہے۔







