شیخ وقاص کو اجازت، چوہدری وجاہت نااہل

پاکستان میں عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت مکمل ہو گئی ہے۔
بدھ کو اپیلوں کی سماعت کے آخری روز جن اپیلوں کی سماعت نہیں ہوئی وہ مسترد تصور ہوں گی۔
الیکشن ٹریبونل نے امیدواروں کے کاغدات نامزدگی کے خلاف اپیلوں پر کارروائی کرتے ہوئے ان کو نااہل قرار دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے ملتان بینچ کے الیکشن ٹریبونل نے سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔
الیکشن ٹریبونل نے یہ حکم شیخ وقاص اکرم کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے دیا۔
شیخ وقاص اکرم نے وسطی پنجاب کے علاقے جھنگ سے قومی اسمبلی کے حلقہ نواسی سے امیدوار ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر نے شیخ وقاص کے مدمقابل کالعدم تنظیم کے رہنما اور اہلسنت و الجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے اعترضات پر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے تھے۔
شیخ وقاص اکرم نے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جس پر لاہور ہائی کورٹ کے دور رکنی بنچ نے ان کو انتخاب لڑنے کی اجازت دے دی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سابق وفاقی وزیر تعلیم شیخ وقاص اکرم نے کچھ عرصہ قبل مسلم لیگ قاف کو چھوڑ کر مسلم لیگ نون میں شمولیت اختیار کی ہے۔
اس کےعلاوہ لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ قاف کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے بھائی چودھری وجاہت حسین کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے ان کو نااہل قرار دے دیا۔
چودھری وجاہت حسین گجرات سے قومی اسمبلی کے حلقہ 104 سے امیدوار تھے اور ان کے کاغدات نامزدگی کے خلاف نوابزادہ غنضفر گل نے ٹریبونل نے رجوع کیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی الیکشن ٹریبونل نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے کا غذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل مسترد کر کے انہیں انتخاب میں حصہ لینے کے لیے اہل قرار دے دیا۔
عمران خان لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ 122 سے امیدوار ہیں اوران کے کاغذات نامزدگی کو ان کے حلقے کے ایک ووٹر محمد اسلم نے جواد اشرف ایڈووکیٹ کے توسط سے چیلنج کیا تھا۔
اپیل کنندہ کے وکیل جواد اشرف کے مطابق عمران خان نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کیے۔
اپیل میں یہ اعتراض اٹھایا گیا تھا کہ عمران خان کے ایک غیر ملکی خاتون سیتا وائٹ سے تعلقات رہے ہیں اور اس خاتون سے ان کی ایک بیٹی بھی ہیں۔
الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ قاف کی رہنما سیمل کامران اور پیپلز پارٹی کے اسلم پڑھیانہ کے کاغدات نامزدگی کے خلاف ان کی اپیل بھی خارج کر دیں۔
سیمل کامران نے خواتین کی مخصوص نشست پر جبکہ اسلم پڑھیانہ سرگودھا سے صوبائی نشست کے امیدوار تھے۔
ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کو نااہل قرار دلوانے کے لیے دائر اپیل مسترد کر دی۔ یہ اپیل جماعت اسلامی کے امیدوار ارشد بگو نے دائر کی تھی۔
امیدواروں کے جانچ پڑتال کے دوران جنرل پرویز مشرف کسی سیاسی جماعت کے واحد سربراہ ہیں جن کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے اور ان کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا گیا۔
عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات منظور اور مسترد ہونے کے خلاف ملک بھر میں دس الیکشن ٹریبونلز نے سماعت کی اور سات روز تک یہ سماعت جاری رہی۔
قانون دان اظہر صدیق کا کہنا ہے کہ الیکشن ٹریبونل کی مہلت ختم ہونے کے بعد جن اپیلوں پر سماعت نہیں ہوسکی وہ اب عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت خارج تصور ہوں گی۔
ٹریبونل کے فیصلوں کے خلاف اب امیدوار اعلیْ عدلیہ سے رجوع کرسکتے ہیں تاہم قانونی ماہرین کی رائے ہے کہ ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف درخواست پر اسی وقت دادرسی ہو سکتی ہے جب فیصلے میں کوئی واضح قانونی غلطی موجود ہو۔







