وانا: طالبان کی امیدواروں کو ہدایات

پاکستان میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں انتخابات کے حوالے سرگرمیاں جاری ہیں۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں طالبان کے مُلا نذیر گروہ نے علاقے سے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو وانا بازار میں ایک پمفلٹ پھینک کر کری کوٹ کے علاقے میں قائم طالبان کے دفتر میں جمعے کو مدعو کیا۔
طالبان کے اس دفتر میں صلاح الدین ایوبی کے نام سے مشہور ملا نذیر گروپ کے امیر بہاول خان نے ان امیدواران سے ملاقات کی اور انتخابات سے متعلق انہیں چار نکات بتائے۔
انہوں نے کہا کہ حالات کی خرابی کی وجہ سے امیدواران وانا کے مرکزی بازار میں زیادہ جلسے جلوس نہیں کریں۔
اس کی وجہ انہوں نے بتائی کہ کیونکہ طالبان کے دیگر گروہ وہاں حملہ کرسکتے ہیں اس لیے اس قسم کی سرگرمیوں کو بازار میں منعقد نہ کیا جائے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ان امیدواروں کو مضافاتی علاقے میں جلسے جلوس نکالنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے خصوصی طور پر تین سیاسی جماعتوں عوامی نیشنل پار ٹی، پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنے جھنڈوں اور بینروں کی تشہیر نہ کریں کیونکہ طالبان کی بعض تنظیموں سے انکو خطرہ ہے اور اس حوالے سے ان کو دھمکیاں بھی ملی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلسے جلوسوں اور تقاریر میں ایک امیدوار کسی دوسرے امیدوار کے خلاف کوئی نازیبا الفاظ استعمال نہیں کرے گا جس کی وجہ سےکسی جھڑپ یا لڑائی کا خطرہ پیدا ہو۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حلقہ این اے اکتالیس جنوبی وزیرستان سے کھڑے ہونے والے اکیاون آذاد امیدواروں سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر وہ غیر مقبول ہیں تو براہ مہربانی انتخابات میں اُمیدوار کی حیثیت سے کھڑے نہ ہوں۔







