رکن پنجاب اسمبلی اقبال لنگڑیال نااہل قرار

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ قاف کے رکن پنجاب اسمبلی ملک اقبال لنگڑیال کو نااہل قرار دے کر ان کی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی ہے۔
ہائی کورٹ جسٹس ناصر سعید شیخ نے یہ حکم اقبال لنگڑیال کے مخالف امیدواروں کی انتخابی عذرداریوں پر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے اقبال لنگڑیال کو گریجویٹ یعنی بی اے نہ ہونے کی بنیاد پر نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخابات کروانے کا حکم دیا ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار عبادالحق کے مطابق مسلم لیگ قاف کے نااہل ہونے والے رکن اسمبلی اقبال لنگڑیال پر الزام تھا کہ ان کی تعلیمی سند بی اے کے ڈگری کے مساوی نہیں۔
ملک اقبال لنگڑیال پنجاب کے ضلع ساہیوال سے مسلم لیگ قاف کے دوسرے رکن صوبائی اسمبلی ہیں جن کو گریجوایٹ نہ ہونے بنیاد پر نااہل قرار دیا ہے۔
ملک اقبال لنگڑیال نے دو ہزار آٹھ میں ہونے والے عام انتخابات میں پنجاب کے ضلع ساہیوال کے صوبائی حلقہ دو سو چھبیس سے انتخاب لڑا اور رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم ان کے مدمقابل مسلم لیگ نون کے سیف الرحمان اور جمشید عالم نے الگ الگ انتخابی عذرداری دائر کی اور بی اے نہ ہونے پر اقبال لنگڑیال کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت کو چینلج کیا۔
سنہ دو ہزار آٹھ میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدوار کا بی اے یعنی گریجوایٹ ہونا لازمی شرط تھی۔
انتخابی عذرداریوں میں یہ نکتہ اٹھایا کہ اقبال لنگڑیال جس تعلیمی سند کی بنیاد پر خود کو گریجویٹ ظاہر کرتے ہیں وہ سند بی اے کے مساوی نہیں ہے اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ نہیں ہے اس لیے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے انتخابی عذرادریوں کو منظور کرتے ہوئے ملک اقبال لنگڑیال کی صوبائی نشست کو خالی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو اس نشست پر نئے انتخابات کرانے کا حکم دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے گزشتہ برس اگست میں ہی ساہیوال سے مسلم لیگ قاف سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی ولایت شاہ گھگہ کو جعلی ڈگری کی بناء پر نااہل قرار دیا تھا۔ ولایت شاہ گھگہ ساہیوال کے صوبائی حلقہ دو سو بیس سے منتخب ہوئے تھے۔







