کوئٹہ فائرنگ: پولیس اہلکارسمیت آٹھ افراد ہلاک

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے دکان پر فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل سمیت آٹھ افراد کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی کردیا۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق سنیچر کو کوئٹہ کے علاقے سریاب مل کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ایک دھوبی کی دکان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

جس کے نتیجے میں دکان میں موجود آٹھ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے ہلاک و زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔

سول ہسپتال میں ڈاکٹروں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پولیس کانسٹیبل گل محمد، محمد اسحاق، محمد، شیر محمد، نصر اللہ، محمد عمر، عبدالحمید شامل ہیں۔ ڈاکٹروں نے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی ہیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹیر کور کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ سریاب پولیس نے نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے لیکن آخری اطلاع تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ کسی نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

پولیس نے واقعہ کو ٹارگٹ کلنگ قرار دے دیا ہے اور کہا کہ واقعہ میں ہلاک ہونے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق سندھ ، پنجاب اور بلوچستان کے نصیر آباد سے ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں جومحنت مزدوری کے لیے نصیر آباد کے علاقے صحبت پور سے کوئٹہ آئے تھے۔