باجوڑ: دھماکے میں قبائلی رہنما ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں حکام کے مطابق تحصیل نواگئی میں ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں قبائلی رہنماء ملک عطاء خان ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق اس دھماکے میں قبائلی رہنما کا بھتیجا شدید زخمی ہوا ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق منگل کی صُبح تحیصل نواگئی کے علاقے چہارمنگ میں افغان سرحد کے قریب قبائلی رہنماء ملک عطاء خان اس وقت ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہوئے جب وہ گھر سے باہر آرہے تھے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق وہ پیدل تھے اور دھماکے میں ان کا بھتیجا فوجی خان بھی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کا زخمی بھتیجا ایجنسی ہیڈ کواٹر ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا ہے۔
نامہ نگار دلاورخان وزیر کے مطابق ملک عطاء خان حکومت کے حامی قبائلی سردار تھے اور وہ نواگئی میں شدت پسندوں کے خلاف بنائے گئے لشکر کے رُکن تھے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ملک عطاء خان علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف جاری سرگرمیوں میں پیش پیش تھے۔
حکام کے مطابق علاقے میں سکیورٹی فورسز نے سر چ آپر یشن شروع کر دیا ہے اور پورے علاقے کو گھیر ے میں لیا ہے۔
اس واقعہ کی ابھی تک کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم اس قسم کے واقعات کی ذمہ داریاں مقامی طالبان وقتاً فوقتاً قبول کرتے رہتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ قبائلی علاقوں میں حکومت کے حامی لوگوں پر حملوں کا سلسلہ گزشتہ آٹھ نو سالوں سے جاری ہے جس کے نتیجے میں سرکاری اعداد شمار کے مطابق ابھی ایک ہزار کے قریب قبائلی عمائدین یا امریکہ کے لیے جاسوسی کے الزام میں مارے گئے ہیں۔







