مستونگ بم دھماکے میں چھ افراد ہلاک
بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور چالیس سے زیادہ زخمی ہو گئے۔
زخمی ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
دھماکہ اس وقت ہوا جب ایران جانے والے زائرین کی ایک بس چند لمحے قبل ہی وہاں سے گذرگئی تھی۔
کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگارایوب ترین نے بتایا کہ یہ واقعہ سوموار کے روز کوئٹہ سے ساٹھ کلومیٹر دور جنوب میں واقع ضلع مستونگ کے علاقے درینگڑ کے مقام پر پیش آیا۔
کوئٹہ سے ایران جانے والے زائرین کی ایک بس دھماکہ ہونے سے چند لمحے قبل گذری تھی۔ تاہم کوئٹہ سے نوشکی جانے والی مسافر بس دھماکے کی زد میں آگئی۔ جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور چالیس سے زیاد ہ زخمی ہوگئے۔
دھماکے میں شدید زخمی ہونے والوں کو بولان میڈیکل ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیاگیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
مستونک سے مقامی صحافی عطاء اللہ بلوچ کے مطابق کم زخمی ہونے والوں کوسول ہسپتال مستونگ منتقل کر دیاگیا ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور فرنٹئیر کور کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور دھماکے سے تباہ شدہ بس کے ملبے کو ہٹا کر کوئٹہ تافتان قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیاگیاہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ اس قبل بھی کوئٹہ تافتان قومی شاہراہ پر مستونگ کے علاقے میں ایران میں زیارتوں کے لیے کوئٹہ سے جانے والے زائرین پر کئی حملے ہو چکے ہیں جس میں سے زیادہ ترحملوں کی ذمہ داری لشکرجھنگوی نے قبول کی ہے۔







