کراچی میں پیپلز پارٹی کے تین کارکن ہلاک

یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ نہیں ہے کیونکہ مارے جانے والے افراد کی شہرت اچھی نہیں تھی: پولیس

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنیہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ نہیں ہے کیونکہ مارے جانے والے افراد کی شہرت اچھی نہیں تھی: پولیس

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کےاردو چوک پر بیٹھے چار افراد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا دیگر تین زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال لےجایا گیا جہاں ان میں سے مزید دو افراد جاں بر نہ ہو سکے۔

بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی نے بی بی سی کے حسن کاظمی کو بتایا کہ مارے جانے والے تینوں افراد ، نفیس صدیقی، فرحان اور عمر حیات پیپلز پارٹی کے کارکن تھے جب کہ زخمی شخص رانا گلزار پیپلزپارٹی اورنگی کا سیکرٹری اطلاعات ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فرحان کے والد کو بھی کافی عرصہ پہلے قتل کیا گیا تھا اور وہ بھی پیپلزپارٹی ہی میں تھے۔

دوسری جانب علاقے کے تھانے مومن آباد کے تھانیدار چوہدری بشیر کا کہنا ہے کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ نہیں ہے کیونکہ مارے جانے والے افراد کی شہرت اچھی نہیں تھی اور ان کے بہت سے لڑائی جھگڑے بھی تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ فرحان اور نفیس کے خلاف مقدمات بھی درج تھے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ مارے جانے والے افراد اردو چوک پر بیٹھے تھے جب نامعلوم ملزمان نے ان پر گولیاں برسائیں۔

پیپلزپارٹی کراچی نے اپنے کارکنان کے قتل کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔