سپاہ صحابہ کا جلسہ، جھنگ میں تناؤ

- مصنف, علی سلمان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
کالعدم جماعت سپاہ صحابہ کی جانب سے وسطی پنجاب کے شہر جھنگ میں ایک مذہبی جلسہ کے انعقاد کےاعلان نے کشیدگی پیدا کر دی ہے۔ مقامی رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص نے اس مذہبی نوعیت کے جلسہ کوغیر قانونی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کا موجب بن سکتا ہے۔
تحفظ ناموس رسالت و دفاع صحابہ کانفرنس کے پوسٹر پورے شہر میں لگائے گئے ہیں جن کے مطابق یہ کانفرنس جمعہ کے روز جھنگ شہر کے وسط میں تالاب کمیٹی سٹیڈیم میں ہوگی۔
پولیس اور مقامی انتظامیہ کے منتظمین سے طویل مذاکرات کے بعد پولیس کی بھاری نفری شہر بھر میں تعینات کی جا رہی ہے۔
اپوزیشن جماعت مسلم لیگ قاف کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص کا کہنا ہے کہ ان پوسٹروں پر جن لوگوں کے نام لکھے گئے ہیں ان میں پچانوے فی صد کے نام انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت فورتھ شیڈول میں ہیں اور اتنے لوگوں کا ایک ہی جگہ پر اکٹھا ہونا غیر قانونی ہے اور اس سے نہ صرف شہر بلکہ پورے پنجاب کے امن کو خطرہ ہے۔
شیخ وقاص نے اس جلسے کو رکوانے کے لیے وزیر اعلی پنجاب سے لیکر وفاقی صوبائی محکمہ جات داخلہ، پولیس اور فوجی حکام کو خطوط ڈالے اور قومی اسمبلی میں خط لکھے لیکن ان کے بقول ان کی تمام کوششیں ناکام رہیں اور نتیجہ یہ نکلا کہ پورے جھنگ میں وال چاکنگ کی گئی اور پورے پنجاب میں مزید پوسٹر اور اشتہار لگا دیئے گئے۔
جھنگ میں فرقہ وارانہ فسادات میں اب تک سینکڑوں شیعہ اور سنی مسلمان قتل کیے جا چکے ہیں۔ جھنگ میں شیعہ سنی اختلافات نے نوے کی دہائی کے آغاز میں شدت اختیار کرلی جب دیو بند مسلک سے تعلق رکھنے والے سنی عالم حق نواز جھنگوی نے سپاہ صحابہ کی بنیاد رکھی۔
حق نواز جھنگوی سمیت کالعدم جماعت سپاہ صحابہ کے تمام پانچ سربراہان قتل کیے جاچکے ہیں۔احمد لدھیانوی چھٹے سربراہ ہیں انہوں نے بی بی سی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے عرصہ دراز سے جھنگ میں امن قائم کر رکھا ہےاور ان کے حالیہ جلسے سے بھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ وقاص اکرم محض سیاسی بنیادوں پر جلسے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ احمد لدھیانوی کا کہنا تھاکہ تحفظ ناموس رسالت کے موضوع پر ہونے والے جلسے کی مخالفت اگر کوئی عیسائی یہودی یا احمدی کرے تو سمجھ آتی ہے لیکن اپنا تعلق مسلمان خاندان سے جوڑنے والے شیخ وقاص کی جانب سے مخالفت افسوسناک ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں ملک بھر سے مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنما شرکت کر رہے ہیں اور اس سے شہر کے امن کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوسکتا۔
ضلع جھنگ کے شیعہ رہنما ثنا سید نے کہا ہے کہ یہ جلسہ شہر کے قلب میں واقع تالاب کمیٹی سٹیڈیم میں ہو رہا ہے جس کے ایک جانب شیعہ آبادی، دوسری جانب مسیحی افراد کی بستی اور تیسری جانب بریلوی مسلک کے لوگوں کا محلہ ہے جبکہ چوتھی جانب سرکاری عمارتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم جماعت سپاہ صحابہ کا کوئی جلسہ جلوس کلاشنکوفوں کی بھرمار اور اشتہاری اور مفرور شدت پسندوں کی شرکت کے بغیر نہیں ہوتا۔ شیعہ رہنما کا کہناتھا کہ جلسے کی اشتعال انگیز باتوں کے بعد اس بات کی ضمانت نہیں دی جا سکتی کہ قریبی شیعہ آبادی کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آئے گا۔
رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص کا کہنا ہے کہ اگر شہر کے شیعہ اور سنی ایک دوسرے کے خلاف کچھ نہ بھی کریں تب بھی کوئی بیرونی عناصر آگ لگانے کے لیے کوئی حرکت کر سکتا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ صرف احتجاج ہی کرسکتے تھے جو انہوں نے کر دیا لیکن امن و امان کی کسی بھی خراب صورتحال کی تمام ذمہ داری اب حکومت پر عائد ہوگی۔







